ہم نے ثابت کردیا کہ کراچی پیپلزپارٹی کا شہر ہے ،ڈاکٹرعاصم حسین

ہم نے ثابت کردیا کہ کراچی پیپلزپارٹی کا شہر ہے ،ڈاکٹرعاصم حسین

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے صد ر ڈاکٹرعاصم حسین نے کہا ہے کہ ہم نے ثابت کردیا ہے کہ شہر قائد پاکستان پیپلزپارٹی کا ہے ۔پی ایس 114سے کامیابی کیلئے کارکنوں نے بڑی محنت کی ہے ۔کامیابیوں کا یہ سلسلہ آئندہ عام انتخابات تک جاری رہے گا ۔کراچی کی ترقی کے لیے بھرپور کام کیا جائے گا اور شہر کے تمام مسائل حل کریں گے ۔ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کی جانب سے سینیٹر سعید غنی کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر پیپلزپارٹی سندھ کے سیکرٹری جنرل سید وقار مہدی ،راشد ربانی ،شہلا رضا ،وقاص شوکت اور دیگر بھی موجود تھے ۔سعید غنی کی تقریب میں آمد کے موقع پر کارکنوں نے پرجوش نعرے بازی اور ان پر پتیاں نچھاور کیں ۔ڈاکٹرعاصم حسین نے کہا کہ سعید غنی کو بھاری اکثریت سے کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔میں حلقے کے عوام، پیپلزپارٹی کی حمایت کرنے والی تمام جماعتوں ،اقلیتی برادری اور تمام قومیتوں کا شکر گذار ہوں کہ انہوں نے سعید غنی کی حمایت کی جس کی وجہ سے یہ شاندار کامیابی نصیب ہوئی ہے ۔ہم نے اس کامیابی کے لیے بہت محنت اور جستجو کی تھی ۔پی ایس 114سے کامیابی محض آغاز ہے ۔کراچی سے کامیابیوں کا سلسلہ عام انتخابات تک جاری رہے گا ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ثابت کردیا ہے کہ کراچی پاکستان پیپلزپارٹی کا شہر ہے ۔اس شہر کے مسائل کا حل ہماری ذمہ داری اور ہم اسے بھرپور طریقے سے انجام دیں گے ۔کراچی میں بجلی کے بحران اور اووربلنگ کے سلسلے میں کے الیکٹرک کے حکا م سے بات ہوئی ہے ۔انہوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ صارفین کے پرانے بل معاف کردیئے جائیں گے جبکہ لوڈشیڈنگ کے مسئلے پر بھی قابو پایا جائے گا ۔ڈاکٹرعاصم حسین نے کہا کہ شہر میں صاف پانی ،بجلی ،صفائی اور سیوریج سمیت تمام مسائل کو بتدریج حل کیا جائے گا ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نومنتخب رکن سندھ اسمبلی سعید غنی نے کہا کہ حلقہ پی ایس 114کے عوام نے پیپلزپارٹی پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اس پر میں ان کا شکر گذار ہوں ۔میری انتخابی مہم کے دوران کارکنوں نے دن رات کام کیا ۔انتخابات کے نتیجے نے ثابت کردیا ہے کہ ہم جو بات کرتے ہیں ا س ثابت بھی کرتے ہیں ۔کارکنوں نے اپنی محنت سے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو میری کامیابی کی صورت میں ایک تحفہ دیا ہے ۔انتخابی مہم کے دوران ہم نے عوام سے جتنے بھی وعدے کیے تھے ان تمام کو پورا کیا جائے گا ۔یہ حلقہ انتہائی مشکل تھا ۔یہاں سے کامیابی نے ثابت کردیاہے کہ 2018کے عام انتخابات پیپلزپارٹی کراچی کی سب سے بڑی جماعت ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کی جانب سے دھاندلی کی بات کیے جانا قیامت کی نشانی ہے ۔ایم کیو ایم والے جس پولنگ بوتھ کی بات کررہے ہیں میں وہاں ووبارہ پولنگ کروانے کے لیے تیار ہوں ۔اگر ان میں ہمت ہے تو میرا یہ چیلنج قبول کریں ۔انہوں نے کہا کہ عرفان اللہ مروت نے اس حلقے میں پاکستان تحریک انصاف کی حمایت کا اعلان کیا تھا لیکن انہوں نے ووٹ ایم کیو ایم کو ڈلوائے ہیں ۔