ایبٹ آباد،ظالم وڈیرے نے بچے کو گدھے کیساتھ باندھ کرگھسیٹا،آٹھ سالہ مدثر جاں بحق
ایبٹ آباد(آن لائن)ایبٹ آباد میں وڈیرے کے ہاتھوں انسانیت کی بدترین تذلیل کا واقعہ سامنے آ گیا ،گدھے کےساتھ باندھ کر گھسیٹنے سے بچہ دم توڑ گیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈی پی او ایبٹ آباد اشفاق انور کے مطابق انسانیت سوز واقعہ تھانہ لورہ کی حدود میں پیش آیا۔کھیت میں گدھا جانے پر کھیت کے مالک نے طیش میں آ کر گدھے کے مالک کے 8 سالہ بچے مدثر کے ہاتھ گدھے سے باندھ کر اسے بھگا دیا۔
کمسن بچہ گدھے کے ساتھ گھسیٹتے ہوئے دم توڑ گیا۔کھیت کے مالک ملزم مسکین کو گرفتار کر کے تھانہ لورہ میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔متاثرہ خاندان نے وزیراعلیٰ کے پی کے پرویز خٹک ، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور آئی جی کے پی کے سمیت اعلیٰ حکام سے انصاف دینے کی اپیل کی ہے ۔