وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس، جے آئی ٹی رپورٹ متفقہ طور پر مسترد، یہ ذاتی کاروبار کے خلاف بہتانوں کا مجموعہ ، سیاست میں بہت کچھ کھویا: نواز شریف

وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس، جے آئی ٹی رپورٹ متفقہ طور پر ...
وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس، جے آئی ٹی رپورٹ متفقہ طور پر مسترد، یہ ذاتی کاروبار کے خلاف بہتانوں کا مجموعہ ، سیاست میں بہت کچھ کھویا: نواز شریف

  


اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے ۔ اجلاس کے دوران وزیر اعظم نواز شریف سمیت وفاقی کابینہ نے جے آئی ٹی رپورٹ مسترد کردی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ ہمارے ذاتی کاروبار کے بارے میں مفروضوں، الزامات اور بہتانوں کا مجموعہ ہے ، ہمارے خاندان نے سیاست سے کچھ نہی کمایا البتہ کھویا بہت کچھ ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت ہونے والے کابینہ کے اجلاس میں چوہدری نثار علی خان سمیت تمام اہم وزرا اور مشیر موجود ہیں۔واضح رہے کہ میڈیا پر رپورٹس آرہی تھیں کہ جے آئی ٹی رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد چوہدری نثار نے وزیر اعظم کو استعفا دینے کا مشورہ دیا تھا جبکہ وہ کسی بھی اجلاس میں شریک نہیں ہو رہے۔

اجلاس کے دوران بیرون ممالک کے ساتھ دفاع، تعلیم اور باہمی تعاون کے معاہدوں کی 56 یادداشتوں کی منظوری دی گئی ۔ اجلاس کے دوران نیو اسلام آباد ایئر پورٹ کا نام تجویز کرنے کیلئے کابینہ کی خصوصی کمیٹی قائم کردی گئی جس میں میر حاصل بزنجو، عرفان صدیقی، مریم اورنگزیب اور بیرسٹر ظفراللہ شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں وفاقی کابینہ کو جے آئی ٹی رپورٹ پر بریفنگ دی گئی اورانہیں اعتماد میں لیا گیا جبکہ آئندہ کی حکمت عملی پر بھی گفتگو کی گئی۔ وزیر اعظم نواز شریف سمیت وفاقی کابینہ نے مجموعی طور پر جے آئی ٹی رپورٹ کو مسترد کردیا ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے عام انتخابات میں استعفے کا مطالبہ کرنے والے کے مجموعی ووٹوں سے بھی زیادہ ووٹ لیے۔ یہاں اربوں روپے کے منصوبے لگ رہے ہیں لیکن  کوئی بد عنوانی ثابت نہیں ہوئی ، اگرہم نے کہیں کرپشن کی ہے تو بتاﺅ۔

انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی کو تحفظات کے ساتھ قبول کیا اور خود سمیت پورے خاندان کو اس کے روبرو پیش کیا۔ 1937 سے ہمارا آبائی کاروبار ہے لیکن جے آئی ٹی کی رپورٹ ہمارے ذاتی کاروبار کے بارے میں مفروضوں، الزامات اور بہتانوں کا مجموعہ ہے ، ہمارے خاندان نے سیاست سے کچھ نہیں کمایا البتہ کھویا بہت کچھ ہے۔ ہمارے خلاف سازش ہو رہی ہے جسے جلد بے نقاب کیا جائے گا۔

مزید : قومی /اہم خبریں


loading...