سی پیک کے تحت منصوبوں پر جس رفتار سے کام کیا جا رہاہے پاکستان کی تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی: شہباز شریف

سی پیک کے تحت منصوبوں پر جس رفتار سے کام کیا جا رہاہے پاکستان کی تاریخ میں اس ...
سی پیک کے تحت منصوبوں پر جس رفتار سے کام کیا جا رہاہے پاکستان کی تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی: شہباز شریف

  


لاہور (صباح نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے یہاں چین کے نیشنل ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن کے ڈائریکٹر جنرل لی چیو ڈونگ (Mr. Li Xuedong) کی قیادت میں اعلی سطح کے وفد نے ملاقات کی،جس میں سی پیک کے تحت جاری منصوبوں پر پیشرفت ،انڈسٹریل پارکس اور دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ این ڈی آر سی کے ڈائریکٹرجنرل نے سی پیک کے منصوبوں پر غیر معمولی رفتار سے کام پر وزیراعلی شہبازشریف اور ان کی ٹیم کی تعریف کی۔ڈی جی این ڈی آر سی نے کہا کہ 1320میگا واٹ کے ساہیوال کول پاور پراجیکٹ کو جس مثالی رفتار سے مکمل کیا گیاہے اس پر ہمیں بہت خوشی ہوئی ہے،وزیراعلی شہبازشریف اور ان کی ٹیم انتہائی محنت او رعزم کے ساتھ سی پیک کے منصوبوں کو آگے بڑھا رہی ہے،مجھے پنجاب میں سی پیک کے منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت دیکھ کر دلی مسرت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے منصوبوں کے نتائج بہت اہمیت رکھتے ہیں اوران منصوبوں میں ملنے والی نمایاں کامیابیوں کا کریڈٹ وزیراعلی شہبازشریف کی لیڈر شپ کو جاتا ہے،شہبازشریف صوبہ پنجاب کے عوام کی فلاح وبہبود کے لئے بے پناہ محنت سے کام کررہے ہیں اورپنجاب میں کام کرنے والے چینی انجینئر ز اور ورکرز کا بہترین انداز میں خیال رکھا جا رہاہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب نے پاک چین دوستی کو مزید مستحکم کرنے میں نمایاں کردار اد ا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین ترقی او رخوشحالی کے سفر میں سٹرٹیجک پارٹنر ہیں اوردونوں ملکوں کے درمیان بڑھتا ہوا تعاون اقوام عالم کے لئے ایک مثال ہے۔سی پیک بیلٹ اینڈ روڈ کا ایک فلیگ شپ پراجیکٹ ہے اورچین کی حکومت سی پیک کو انتہائی اہمیت دیتی ہے۔ ان منصوبوں پر عملدرآمد سے چین کے صدر شی جن پنگ اور پاکستان کے وزیراعظم محمد نوازشریف کے خواب کو حقیقت کا روپ مل رہاہے ۔سی پیک کے منصوبوں سے دونوں ملکوں کے عوام کو فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح ساہیوال کول پاور پراجیکٹ کو ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا اس طرح سی پیک کے دیگر منصوبے بھی تیزی سے مکمل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹریل پارکس کی تعمیر کے حوالے سے بھی ا پنا تعاون جاری رکھیں گے۔وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے چینی وفد سے گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ پاکستان اور چین کی قیادت نے نئی تاریخ رقم کی ہے اورسی پیک کے تحت منصوبوں پر جس رفتار سے کام کیا جا رہاہے پاکستان کی تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ محنت ،دیانت او رشفافیت کے تحت سی پیک کے پہلے میگا پراجیکٹ ساہیوال کول پاور پلانٹ کو 22ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیاہے ۔پاکستان اور چین کی قیادت اور تمام متعلقہ اداروں کے حکام ایک ٹیم ورک کے طو ر پر کام کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اجتماعی سوچ او رمشترکہ کاوشو ں سے منصوبوں کی تیز رفتار تکمیل کے حوالے سے نئے عالمی ریکارڈ قائم کئے گئے ہیں اوروزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں حکومت نے ان منصوبوں پر بڑی محنت سے کام کیا ہے اورسی پیک پر ہونے والی غیر معمولی پیشرفت ہم سب کی محنت اور مشترکہ کاوش کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک دنیا بھر میں ایک کامیاب ماڈل بن کر سامنے آیا ہے اورسی پیک کے منصوبوں کے ثمرات سامنے آنا شروع ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ساہیوال کی طرز پر رحیم یار خان میں بھی 1320میگا واٹ کا کول پاور پلانٹ لگانے کا منصوبہ بنایاہے۔اس منصوبے کو بھی دن رات محنت کر کے ریکارڈ مدت میں مکمل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے اورسی پیک کے ذریعے اس دوستی کے فوائد عوام تک پہنچ رہے ہیں۔مستقبل میں دونوں ملکوں کے تعلقات میں مزید اضافہ ہوگا۔چین کے قونصل جنرل لانگ بن ڈنگ، چین کے مختلف محکموں کے اعلی حکام ،صوبائی وزراء شیخ علاؤالدین، ملک ندیم کامران، چیف سیکرٹری، سی پیک کے بارے میں خصوصی ایلچی ظفر الدین محمود،خواجہ احمد حسان ،قائمقام انسپکٹر جنرل پولیس اور ا علی افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مزید : لاہور


loading...