ترقی کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی جاسکتی،قوموں کی زندگی میں پریشانیاں آتی رہتی ہیں، سرمایہ کار خوف کا شکار ہوئے بغیر اپنی سرگرمیاں جاری رکھیں:ممنون حسین

ترقی کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی جاسکتی،قوموں کی زندگی میں پریشانیاں آتی ...
ترقی کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی جاسکتی،قوموں کی زندگی میں پریشانیاں آتی رہتی ہیں، سرمایہ کار خوف کا شکار ہوئے بغیر اپنی سرگرمیاں جاری رکھیں:ممنون حسین

  

اسلام آباد(صباح نیوز)صدرمملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان ترقی کی جس شاہراہ پر گامزن ہے، اس میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی جاسکتی، قوموں کی زندگی میں پریشانیاں آتی رہتی ہیں ، پریشانی کی کوئی ضرورت نہیں، ملک کے محنتی و جفاکش عوام اورآنے والی نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے سیاسی واقتصادی استحکام کی جدو جہد جاری اورپاکستان کے باشعور عوام اس کی راہ میں آنے والی ہر رکاوٹ کو اپنے عزم وحوصلے سے شکست دینے میں کامیاب ہو جائیں گے، وطنِ عزیز کے صنعت کاروں، تاجروں اور اندرونی وبیرونی سرمایہ کاروں سے کہتا ہوں کہ وہ کسی قسم کے تحفظات اور خوف کا شکار ہوئے بغیر اپنی سرگرمیاں جاری رکھیں کیونکہ خرابیوں کے دن بیت چکے، اب پاکستان کو ترقی کرنی ہے اور اپنے شاندار قومی اتحاد سے نہ صرف اپنی قسمت بنانی ہے بلکہ اس خطے کے کروڑوں عوام کی خوشحالی کے لیے بھی اپنی ذمہ داریاں خوش دلی سے ادا کرنی ہیں۔

صدر مملکت نے یہ بات اسلام آباد میں سفارت کاروں کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے سے خطاب کر تے ہوئے کہی جس کا اہتمام لاہور چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹریز نے کیا تھا۔ اس موقع پر فلسطین کے سفیر ، سفارتی برادری کے نمائندے ولید ابو علی اور لاہور چیمبر کے صدر عبدالباسط نے بھی خطاب کیا، سفیروں ، سرمایہ کاروں اور معز ز مہمانوں کی ایک بڑی تعداد تقریب میں شریک تھی۔ صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ بدامنی اور دہشت گردی سے نمٹنے کی کوششوں کے ساتھ حکومت نے اقتصادی بحالی کے ایجنڈے کو بھی برابر کی اہمیت دی ہے اور اللہ تعالی کے فضل وکرم سے پاکستان اقتصادی ترقی کے ایک سنہری دور میں داخل ہو چکا ہے، جی ڈی پی ، زرمبادلہ کے ذخائر اور اندرونی و بیرونی سرمایہ کاری میں خاطر خواہ اضافہ اور افراطِ زر میں نمایاں کمی اِن مثبت اور حوصلہ افزا تبدیلیوں کے نا قابلِ تردید اشارے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہماری ان کامیابیوں کی بنیاد صنعتی وتجارتی شعبوں کے لیے اختیار کی گئی بہترین پالیسیاں ہیں جن کے سبب پاکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔ اس سلسلے میں صنعتی و تجارتی شعبوں کو خصوصی رعایتیں دی گئیں اور اندرونی و بیرونی سرمایہ کاری کے لیے ایسی لچک دار حکمتِ عملی اختیار کی گئی جس نے پاکستان کو صنعت و تجارت اور سرمایہ کاری کے لیے خطے کا اہم ترین ملک بنا دیا ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ ملک میں اندرونی و بیرونی سرمایہ کاری میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے جو ایک حوصلہ افزا پیش رفت ہے۔ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے نے ہماری اِن کوششوں کو مہمیز دی ہے جبکہ شنگھائی تعاون تنظیم سمیت دیگر عالمی اداروں میں پاکستان کے فعال کردار اور دوست ممالک کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے بھی اس ضمن میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انھوں نے توقع ظاہر کی کہ وقت کے ساتھ ساتھ اس میں مزید اضافہ ہو گا اور ملک کی ترقی اور خوشحالی کا سفر تیزتر ہو جائے گا۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان آج ترقی کی جس شاہراہ پرگامزن ہے،اس میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی جا سکتی کیونکہ ہمارا نصب العین آنے والی نسلوں کی خوشحالی اور مستقبل کے تقاضے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے محنتی و جفاکش عوام اورآنے والی نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے سیاسی واقتصادی استحکام کی جدو جہد جاری رہے گی اورپاکستان کے باشعور عوام اس کی راہ میں آنے والی ہر رکاوٹ کو اپنے عزم وحوصلے سے شکست دیں گے۔ صدر مملکت نے اس موقع پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لاہور چیمبر نے حلا ل فوڈ کی برآمدات میں اضافے کے لیے بڑی محنت سے کام لیا ہے۔انھوں نے سرمایہ کاروں اور شرکا سے کہا کہ پرانی منڈیوں کو برقرار رکھتے ہوئے پاکستان کی دیگر مصنوعات کی کھپت کے لیے نئی منڈیاں بھی تلاش کی جائیں اور ملک کے مختلف حصوں میں پائی جانے والی معدنیات سمیت بعض دیگر شعبوں کی ترقی کے لیے اندرونی وبیرونی سرمایہ کاری پر بھی توجہ دی جائے۔درآمد برآمدکے معاملات میں معلومات کے ضمن میں روایتی چینل بعض اوقات اتنے کارگر ثابت نہیں ہو سکتے جتنا چیمبرز اور تاجروں اور صنعت کاروں کی تنظیمیں مثالی کردار ادا کر سکتی ہیں۔ اس لیے میں چاہوں گا کہ وفاق ہائے ایوان صنعت و تجارت اور اس سے منسلک ادارے سفارت کار برادری کے ساتھ متحرک ربطِ ضبط قائم کر کے دو طرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور برآمدات ودرآمدات کے فروغ کے سلسلے میں اپنا مفید کردار ادا کریں۔ صدر مملکت نے توقع کا اظہار کیا کہ اس سے لاہور چیمبر سمیت دیگر قومی اداروں کی سرگرمیوں میں مزید وسعت پیدا ہو گی۔صدر مملکت نے کہا کہ مستقبل زرعی معیشت سے متعلق ٹیکنالوجی کا ہے، اس لیے اس شعبے میں زیادہ سرمایہ کاری پر توجہ دی جائے۔

مزید :

قومی -