نواز شریف کے پاس اخلاقی جواز نہیں رہا،عہدے سے استعفیٰ دیں،عارف علوی

نواز شریف کے پاس اخلاقی جواز نہیں رہا،عہدے سے استعفیٰ دیں،عارف علوی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ نواز شریف کے پاس اب کوئی اخلاقی جواز نہیں رہا کہ وہ اقتدار سے چپکے رہیں ۔ شریف خاندان کو کونسے ثبوت چاہئیں ؟جے آئی ٹی رپورٹ کے ہر صفحے پر ثبوت ظاہر ہیں ، شریف خاندان کس کس چیز کو جھٹلائیں گے۔ شریف خاندان اور ن لیگ کے وزراء دبے الفاظوں میں سپریم کورٹ پر بھی اعتراضات اٹھا رہے ہیں ۔ شریف خاندان اور ان کے درباری یہ تاثر دے رہے ہیں کہ ان کے خلاف بین الاقوامی سازش کی جا رہی ہے۔ اگر کرپشن اور چوری پکڑنا سازش ہے تو عمران خان اور پاکستان کی عوام ہمیشہ اس سازش میں ملوث رہیں گے۔ یہ باتیں انہوں نے کراچی بار ایسوسی ایشن کے عہدیداران سے ملاقات کے بعد سٹی کورٹ کراچی بار روم کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہیں ۔ بار روم کمیٹی میں کراچی بار ایسوسی ایشن کے صدر نعیم قریشی ،جنرل سیکریٹری خالد نواز مروت اور دیگر بار کے عہدیداروں سے ملاقات کے موقع پرڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ میں آپ کے پاس پارٹی کا پیغام لے کر آیا ہوں کہ اس وقت ملک میں سیاسی صورتحال جس طرف جارہی ہے اور ن لیگ کی قیادت جس طرح اداروں سے ٹکراؤ کرنا چاہتی ہے ، ایسے حالات میں وکلاء برادری کو قانون کی بالا دستی اور جمہوریت کے تحفظ کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہئے۔ کراچی بار نے ہمیشہ ہر آمر اور ڈکٹیٹر کے خلاف جمہوریت کے لئے جدوجہد کی ہے بلکہ سیاست دانوں سے زیادہ وکلاء برادری کا ہر اول دستے کا کردار رہا ہے۔ اس موقع پر کراچی بار ایسوسی ایشن کے صدر نعیم قریشی نے کہا کہ پاکستان بار کونسل اور سپریم کورٹ بار کونسل کا بہت جلد لاہور میں وکلاء کنونشن منعقد ہوگا جس میں وکلاء برادری پاکستان بھر سے شرکت کرے گی اور جمہوریت کے تحفظ اور قانون کی بالا دستی کے لئے بھرپور کردار اد اکرنے کا عظم کریں گے۔نعیم قریشی نے کہا کہ اخلاقی طور پر نواز شریف کو مستعفی ہو جانا چاہئے اور اپنے کسی اور ساتھی کو وزیر اعظم پاکستان نامزد کرنا چاہئے تاکہ ملک میں جمہوری نظام کو نقصان نہ پہنچے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کراچی بار ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ پی ٹی آئی کراچی ریجن کے صدر فردوس شمیم نقوی، رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان، حلیم عادل شیخ،الیاس شیخ، دوا خان صابر، طاہر ملک، انصاف لائرز ونگ کے ریاض آفندی ایڈوکیٹ، انور کمال ایڈوکیٹ، مختیار جونیجو ایڈوکیٹ، عابداکرم ایڈوکیٹ، ارباب احمد ایڈوکیٹ، ظفر بلوچ ایڈوکیٹ، شہزاد احمدایڈوکیٹ اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ عدلیہ کی بحالی سے لے کر جمہوری تحریکوں میں کراچی بار ایسوسی ایشن کے وکلاء اور رہنماؤں نے ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے ۔ کراچی بار ایسوسی ایشن سمیت ملک کی تمام بار ایسوسی ایشنز کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایک چور وزیر اعظم جن پر جے آئی ٹی کی رپورٹ میں ثابت ہوچکا ہے کہ وہ صادق اور امین نہیں ہیں کہ خلاف اٹھ کھڑے ہوں ۔ہم وزیر اعظم کا استعفیٰ اس لئے مانگ رہے ہیں کیونکہ نواز شریف کے وزیر اعظم ہوتے ہوئے ذیلی ادارے اپنے فرائض ایمانداری سے انجام نہیں دے رہے۔ شریف خاندان ملک کی جمہوریت کے لئے خطرہ بن چکا ہے۔ شریف خاندان کی کرپشن بے نقاب ہونے کے بعد ن لیگی درباری تحریک انصاف کی قیادت ، جے آئی ٹی اور سپریم کورٹ کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ وہی جے آئی ٹی ہے جس کے بننے کے بعد ن لیگی وزراء اور رہنما مٹھائیاں بانٹ رہے تھے۔ہم سمجھتے ہیں کہ اب نواز شریف، شہباز شریف، اسحاق ڈار اور ایاذ صادق کو فوری طور پر مستعفی ہو جانا چاہئے اور ہم امید کرتے ہیں کہ وکلاء برادری اس تحریک میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم سندھ اسمبلی میں سیاسی جماعتوں سے رابطہ میں ہیں اور آئندہ سندھ اسمبلی کے اجلاس میں تحریک انصاف کی جانب سے پیش کی جانے والی قرار داد جس میں وزیر اعظم کے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا گیا ہے اسے متفقہ طور پر منظور کروائیں گے۔