پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اور برطانوی کمپنی کے مابین معاہدہ

پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اور برطانوی کمپنی کے مابین معاہدہ

لاہور (کامرس رپورٹر)پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت اور برطانیہ کی مشہور کمپنی گرینرجی لمیٹڈ نے پنجاب میں سرمایہ کاری کے لئے ایک معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔ برطانیہ کی معروف کمپنی گرینرجی کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے ، فضلہ میں شامل مختلف اجزاء کو علیحدہ کرنے، اسے دوبارہ کارآمد بنانے اورکوڑا کرکٹ سے توانائی پیدا کرنے کے میدانوں میں اپنا لوہا منوا چکی ہے۔ گزشتہ روز اس حوالے سے پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت میں معاہدے پر دستخط کرنے کیلئے ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جہانزیب برانہ، گرینرجی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نعیم عباس سمیت پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری کے افسران اور گرینرجی لمیٹڈ کے نمائندگان نے شرکت کی۔ پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت نے برطانیہ کی کمپنی گرینرجی کے ساتھ یہ معاہدہ صوبہ کی عوام کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کیلئے کیا ہے۔سرمایہ کاری سے ناصرف پنجاب میں کوڑے کو بہترین طریقے سے ٹھکانے لگانے، تیزابیت اور مضر اثرات سے پاک مؤثر اور سستی توانائی کے حصول جیسے اہم سنگ میل کا حصول ممکن ہوسکے گا بلکہ عوام کو روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جہانزیب برانہ نے کہا ہے پنجاب حکومت گرینرجی لمیٹڈ کی معاونت کیلئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کرے گی اور اس ضمن میں تمام میسر ذرائع اور وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ گرینرجی لمیٹڈ کے سربراہ نعیم عباس نے کہا کہ ری سائکلنگاربوں ڈالر پر مشتمل ایک منافع بخش ترین صنعت ہے جو کسی بھی دوسری صنعت کی نسبت زیادہ جلدی اور تیزی کے ساتھ منافع فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ، ڈنمارک، ملائشیاء، جنوبی کوریا، ترکی،بھارت، قطر، سپین، لیٹویا،پولینڈ، ہالینڈ، نائجیریا، گھانا اور انڈونیشیا میں پہلے ہی گرینرجی لمیٹڈ اپنے پلانٹوں کی تنصیب کر چکی ہے اور اب پاکستان میں بھی بہت جلد اپنے آپریشنز کا آغاز کر دے گی۔

مزید : کامرس