پاکستانی تاجروں کیلئے نائجیریا میں وسیع کاروباری مواقع ہیں‘ ہائی کمشنر

پاکستانی تاجروں کیلئے نائجیریا میں وسیع کاروباری مواقع ہیں‘ ہائی کمشنر

راولپنڈی ( کامرس ڈیسک)پاکستانی تاجروں کے لیے افریقی ملک نائجیریا میں وسیع کاروباری مواقع موجود ہیں دونوں مسلمان برادر ممالک مختلف شعبوں فارما سیؤٹیکل، زیورات، ٹیکسٹائل فوڈ، چاول اور کنسٹرکشن کے شعبوں میں تجارت بڑھا سکتے ہیں ،پاکستان میں کاروباری برادری کے نمائندہ اداروں کو افریقہ اور خاص طور پر نائجیریا کے ساتھ کاروباری تعلقات کو بڑھانا چاہیے، راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی طرف سے بزنس کانفرنس اور نمائش کے انعقاد کے لیے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا اور اس ضمن میں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی،ان خیالات کا اظہار نائجیریا کے لیے پاکستان کے نامزد ہائی کمشنر میجر جنرل ریٹائرڈ وقار احمد کنگروی نے راولپنڈی چیمبر کے دورے کے دوران صدر چیمبر زاہد لطیف خان اور دیگر کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر ناصر مرزا، نائب صدر خالد فاروق قاضی سابق صدور میاں ہمایوں پرویز، اراکین مجلسِ عاملہ اور دیگر اراکینِ چیمبر بھی موجود تھے۔ نامزد ہائی کمشنر نے کہا کہ نائیجیریا سرمایہ کاروں کی سہولت کے لئے ٹیکسوں میں رعایت دے رہا ہے اکنامک زونز میں سرمایہ کاروں کو تحفظ اور تمام سہولیا ت فراہم کی جاتی ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے دونوں ممالک کی کاروباری برادری ان سیکٹرز کو ایکسپلور کرے۔اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے صدر راولپنڈی چیمبر زاہد لطیف خان نے کہا کہ پاکستان اور نائجیریا او ۔آئی۔سی اور ڈی -ایٹ کے رکن ممالک ہونے کے باوجود دونوں کا آپس میں تجارتی حجم بہت کم ہے

، نائجیریا قدرتی گیس، معدنیات اور زراعت کے شعبہ میں مالا مال ہونے کے باعث پاکستان کے ساتھ تعاون کر سکتا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ ان کو تلاش کر کے صحیح معنوں میں استعمال کیا جائے۔ انہوں ہائی کمشنر کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور باہمی تجارتی تعاون کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔ صدر آر سی سی آئی نے کہا کہ پاکستان خطے کی ایک بڑی تجارتی منڈی ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کی کاروباری برادری کے درمیان رابطے بڑھانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت بڑھے گی اور تعلقات میں اضافہ ہو گا۔انہوں نے سفیر کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی چیمبر نائیجیریا میں میڈ ان پاکستان نمائش منعقد کروائے گا

تصویر کیپشن

نا ئجیریا میں پاکستان کے نامزد ہائی کمشنر میجر جنرل ریٹائرڈوقار احمد کنگرو ی کو دورہ چیمبر پرراولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدر زاہد لطیف خان شیلڈ پیش کررہے ہیں

نا ئجیریا میں پاکستان کے نامزد ہائی کمشنر میجر جنرل ریٹائرڈوقار احمد کنگرو ی کے راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے دورے کے موقع پر صدر زاہد لطیف خان و دیگر کے ہمراہ گروپ فوٹو

مزید : کامرس

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...