صحت و تعلیم کے شعبوں کی ترقی کیلئے ڈنمارک ہر قسم کا تعاون فراہم کررہا ہے، علی مشتاق

صحت و تعلیم کے شعبوں کی ترقی کیلئے ڈنمارک ہر قسم کا تعاون فراہم کررہا ہے، علی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور )جنرل رپورٹر)پاکستان میں ڈنمارک سفارتخانے کے کمرشل قونصلر اور ہیڈ آف ٹریڈ اینڈ ڈانیڈا(Danida) بزنس علی مشتاق بٹ نے سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن پنجاب ثاقب ظفر سے ان کے آفس میں ملاقات کی۔ ڈینش کمرشل قونصلر کے ہمراہ پراجیکٹ مینجر مارکیٹ ایکسس نوونارڈسک فارما ڈاکٹر کاشف سہیل اور کمرشل ایڈوائزر ڈینش ایمبیسی اسلم پرویز بھی تھے۔ سیکرٹری صحت ثاقب ظفر سے گفتگو کرتے ہوئے ڈنمارک کے قونصلر نے کہا کہ ان کے ملک کی حکومت ترقی پذیر ممالک میں صحت و تعلیم کے شعبوں کی ترقی کے لئے ہر قسم کا تعاون فراہم کر رہی ہے اور پاکستان میں بھی صحت و تعلیم کے بہت سے منصوبوں میں ڈنمارک تعاون فراہم کر رہا ہے۔ علی مشتاق بٹ نے بتایا کہ ان کی حکومت پنجاب کے محکمہ صحت کو مختلف بیماریوں خصوصاً ذیابیطس کی روک تھام اور علاج کے سلسلہ میں تعاون فراہم کر رہی ہے اور گزشتہ حکومت کے ساتھ ایک ایم او یو کے ذریعے ڈسٹرکٹ فزیشنز اور دیگر ڈاکٹرز کو بیماری کی تشخیص، روک تھام اور علاج کے سلسلہ میں کپیسٹی بلڈنگ اور تربیت فراہم کر رہی تھی اور اب دوسرے مرحلہ میں جنوبی پنجاب کے ڈسٹرکٹ فزیشنز کو تربیت فراہم کی جائے گی اور اس مقصد کے لئے سیمینارز اور تربیتی ورکشاپس کا اہتمام کیا جائے گا۔ ڈنمارک کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری صحت ثاقب ظفر نے ڈنمارک حکومت کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت ڈنمارک کی جانب سے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ عام انتخابات کے بعدمنتخب حکومت آ جائے گی اور تعاون کی نئی یادداشت پر دستخط ہوجائیں گے۔ سیکرٹری ہیلتھ کا کہنا تھا کہ ہیلتھ کے شعبہ سے وابستہ ہیلتھ پروفیشنلز کی کپیسٹی بلڈنگ اور تربیت بہت ضروری ہے۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر بھی بات چیت کی گئی۔ ثاقب ظفر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آج امن و امان کی صورتحال بہت بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ 10 سال بعد پاکستان میں کرکٹ بحال ہوئی ہے اور وقت کے ساتھ ساتھ حالات میں مزید بہتری آئے گی۔