پاکستان کا آج زمبابوے سے پہلا ون ڈے ٹاکرا ، ٹاس ہارنے والی ٹیم مشکلات کا شکار ہو سکتی ہے : سرفراز احمد

پاکستان کا آج زمبابوے سے پہلا ون ڈے ٹاکرا ، ٹاس ہارنے والی ٹیم مشکلات کا شکار ...

ہرارے(نیٹ نیوز)پاکستان اور زمبابوے کے درمیان 5 ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا ون ڈے آج بلاویو میں کھیلا جائے گا۔ذرائع کے مطابق پاکستان نے زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز سے قبل تیاریوں کو حتمی شکل دے دی ،آج ہونے والے پہلے ون ڈے سے قبل آخری ٹریننگ سیشن میں کھلاڑیوں نے ہلکی پھلکی ٹریننگ میں حصہ لیا۔پاکستان کرکٹ ٹیم جمعرات کی صبح ہرارے سے بلاویو پہنچی۔ لاجسٹک مسائل کے باعث پاکستان ٹیم کو سہ ملکی سیریز کے بعد ہرارے میں ہی قیام کرنا پڑاتاہم بلاویو پہنچنے پر کھلاڑیوں نے آرام کیا اور پھر ٹریننگ کے لئے میدان کا رخ کیا۔ ٹیم مینجمنٹ نے بھرپور ٹریننگ کی بجائے ہلکی پھلکی ٹریننگ کو ترجیح دی تاہم ٹریننگ میں تمام کھلاڑیوں نے حصہ لیااور ان کی انفرادی اسکلز کے اوپر کام کیا گیا۔ بلاویوپہنچ کر گفتگو کرتے ہوئے کپتان سرفراز احمدنے صبح سویرے ون ڈے میچ شروع ہونے پر پریشانی کا اظہار کیا اور کہا کہ میچ یہاں کے وقت کے مطابق صبح سوا نو بجے شروع ہوگا جبکہ ٹاس صبح پونے نو بجے ہوگا، یہاں سردیوں کا موسم ہے اس لئے ٹاس کی بہت اہمیت ہے اور ٹاس ہارنے والی ٹیم مشکل میں گھر سکتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ شاداب خان کی موجودگی میں ایک اور لیگ سپنر یاسر شاہ کو شامل کرکے ہم انہیں ورلڈ کپ کے لئے آزمانا چاہتے ہیں، یاسر شاہ کو پانچ میں سے کم از کم دو میچ کھلائے جائیں گے کیونکہ پہلے ہم سیریز میں اپنی پوزیشن مستحکم کرنا چاہتے ہیں بعد میں سب کو موقع دیں گے۔سرفراز نے بتایا کہ زمبابوے آسان حریف نہیں اس لئے ہم کلین سوئپ کا دعویٰ کرنے کے بجائے میچ بائی میچ جانا چاہتے ہیں، ابتدائی 3 میچوں میں کامیابی مل گئی تو سیریز جیت کر مختلف کمبی نشین آزمائیں گے۔ تینوں اوپنرزامام الحق،محمد حفیظ اور فخر زمان کو آزمائیں گے جبکہ حفیظ سے باؤلنگ کا بھی فائدہ ہے تاہم ٹیم میں حفیظ ،یاسر شاہ اور جنید خان کو جگہ بنانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...