ایف آئی ایچ کی ہاکی ورلڈ کپ کیلئے پاکستان کو ویزا جاری کرنے کی یقین دہانی
لاہور(سپورٹس رپورٹر)انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن(ایف آئی ایچ) نے پاکستان کو یقین دہانی کرائی ہے کہ اسے رواں سال بھارت میں شیڈول ہاکی ورلڈ کپ کے لیے ویزا کے حصول میں کسی قسم کی مشکلات پیش نہیں آئیں گی۔ہاکی ورلڈ کپ کا 14واں ایڈیشن رواں سال 28نومبر سے 16دسمبر تک بھارت کے شہر بھوبھنیشور میں منعقد ہو گا جس میں پاکستان سمیت دنیا کی 16ٹیمیں شرکت کریں گی۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سربراہ بریگیڈیئر ریٹائرڈ خالد سجاد کھوکھر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کی مداخلت کی بدولت اس مرتبہ بھارت میں منعقدہ ایونٹ میں پاکستان کی شرکت پر کوئی مسئلہ نہیں ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ویزا کے حصول کے حوالے سے ایف آئی ایچ کے سربراہ نریندر بترا سے ہماری تفصیلی بات چیت ہوئی اور ان سمیت تمام آفیشلز نے ہمیں ہدایات دیں کہ ورلڈ کپ کے ویزا کے لیے پاکستانی کھلاڑیوں اور سپورٹ سٹاف کی درخواستیں جمع کرانے کا کام بروقت شروع کردیں تاکہ ویزا کے اجرا میں کوئی مسئلہ نہ ہو۔