بھارتی دہشتگرد کلبھوشن پر جواب الجواب 17جولائی کو جمع کروایا جائے گا : پاکستان

بھارتی دہشتگرد کلبھوشن پر جواب الجواب 17جولائی کو جمع کروایا جائے گا : ...

اسلام آباد (آئی این پی)پا کستان نے کہا ہے کہ بھارتی دہشت گرد کلبھوشن پر جواب الجواب 17جو لا ئی کو جمع کروایا جائے گا، پاکستان افغانستان میں مفاہمت، امن کے تمام اقدامات کی حمایت کرتا ہے اور آئندہ بھی افغان مفاہمتی عمل میں ممکنہ معاونت کرتے رہیں گے، ایران ،روس ، چین کی خفیہ ایجنسیوں کے حکام کے دورہ پا کستان کا علم نہیں ، سعود ی عرب کی افغان طا لبان کو مذاکرات کے مشو رہ پر تبصرہ نہیں کر سکتے، ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر فیصل نے گزشتہ روز ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج نہتے کشمیریوں پر ظلم و بربریت کے پہاڑ توڑ رہی ہے اورموجودہ دورمیں بھارتی مظالم کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی، 8جولائی کو برہان وانی کی شہادت کے دو سال مکمل ہوگئے اور ان 2سال میں بھارت نے کشمیریوں پر بے پناہ مظالم ڈھائے اور سینکڑوں کشمیریوں کو شہید، ہزاروں کو پیلٹ گن کے ذریعے بینائی سے محروم اور ہزاروں افراد شدید زخمی کئے گئے، آسیہ اندرابی اور ان کی ساتھی صوفیہ کو تہاڑ جیل منتقل کرنے کی مذمت کرتے ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن نے بھی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی رپورٹ جاری کی، کشمیر پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے، اور اس پالیسی میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی نہیں آئی، پاکستان کشمیریوں کا مقدمہ ہرفورم پر لڑتا رہے گا، عالمی برادری کو بھی چاہئے کہ وہ بھارتی مظالم کانوٹس لے اور کشمیریوں کے ان کے حقوق ان کی امنگوں کے مطابق دلوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ترجمان دفترخارجہ نے طالبان سے متعلق سعودی حکومت کے بیان پر تبصرے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان افغانستان میں مفاہمت، امن کے تمام اقدامات کی حمایت کرتا ہے اور آئندہ بھی افغان مفاہمتی عمل میں ممکنہ معاونت کرتے رہیں گے، تاہم افغان طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانا سب کی مشترکہ ذمے داری ہے، اس حوالے سے پاکستان اور امریکا کے درمیان بات چیت جاری ہے امید ہے کہ اس میں مثبت پیش رفت ہوگی۔ انہو ں نے مز ید بتا یا کہ پاکستان اور انڈونیشیا میں پالیسی منصوبہ بندی پر مذاکرات ہوئے۔جن میں علاقائی اور عالمی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ دیامر بھاشا ڈیم سے متعلق متاثرین کو مکمل معاوضہ دیا جائے گا۔

مزید : صفحہ اول

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...