کتاب ’’ریحام خان ‘‘ منظر عام پر آگئی ، عمران خان سے متعلق اہم انکشافات

کتاب ’’ریحام خان ‘‘ منظر عام پر آگئی ، عمران خان سے متعلق اہم انکشافات

اسلام آباد (این این آئی)پاکستانی سیاست میں بھونچال مچانیوالی ریحام خان کی کتاب بالآخر منظر عام پر آگئی جس میں انہوں نے اپنی زندگی کے حوالے سے کئی انکشافات کیے ۔گزشتہ دنوں پاکستان تحریک انصاف کی سابق اہلیہ ریحام خان کی کتاب نے پاکستانی سیاست میں ہلچل مچادی تھی ٗ کتاب شائع ہونے سے قبل ہی اپنے متنازع متن کے باعث خبروں کی زد میں آگئی تھی، سوشل میڈیا پر جاری کیے جانیوالے کتاب کے متن میں عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے متعدد رہنماؤں پر الزام تراشی کی گئی تھی۔ اپنی کتاب میں ریحام خان نے عمران خان پر اقرباپروری اور جنسی ہراسگی کا الزام بھی عائد کیا تھا۔پاکستانی سیاست میں طوفان مچانے والی ریحام خان کی کتاب بالآخر منظر عام پر آہی گئی۔ ریحام خان کی کتاب کا نام ان ہی کے نام پر یعنی ’’ریحام خان‘‘ہے۔ عمران خان کی سابق اہلیہ نے ٹوئٹ کرتے ہوئے اطلاع دی کہ ان کی کتاب برطانیہ میں کتابی شکل میں جب کہ دنیا بھر میں آن لائن دستیاب ہے۔ریحام خان نے ایک اور ٹوئٹ کرکے بتایا کہ ان کی کتاب آن لائن ویب سائٹ امیزون ڈاٹ کام پر بھی دستیاب ہے جہاں سے اسے خریدا جاسکتا ہے۔ ریحام خان کی کتاب کے 365صفحات اور 30چیپٹر(ابواب)ہیں جبکہ کتاب کی قیمت 9.99 ڈالرز ہے جو تقریباً 1200 پاکستانی روپے بنتے ہیں۔ ریحام خان نے لکھا ہے کہ کتاب کو پبلش کرنے میں میرے بیٹے ساحرنے میرا بہت ساتھ دیا۔ریحام خان نے اپنی کتاب میں بتایا ہے کہ ان کے والدین ساٹھ کی دہائی میں پاکستان سے لیبیا آئے اوروہیں ان کی پیدائش ہوئی، ہم دوبہنیں اور ایک بھائی ہیں جب کہ والد لیبیا میں ڈاکٹرتھے۔ریحام خان نے کتاب میں اپنے پہلے شوہر اعجاز کے حوالے سے چشم کشاانکشافات کیے ہیں۔ کتاب میں انہوں نے کہا کہ میرے بچے اردو، پشتو اور پنجابی روانی سے بولتے تھے، ریحام خان نے اپنی بیٹی ردھا کی پیدائش کا ذکر کیا، ردھا برطانیہ کے ہسپتال پہنچنے کے پانچ منٹ بعد ہی دنیا میں آگئی، ردھا پیدائش کے بعد مسلسل پندرہ منٹ روتی رہی جیسے دنیا میں آمد پر احتجاج کر رہی ہو، میرا بیٹا ساحر ردھا کا خیال رکھتا، گودمیں لے کراسے فیڈر پلاتا رہتا، ساحر رات کو اٹھ کر چلتا رہتا ریحام خان نے کتاب میں اپنے سابق شوہر کے ظلم کی داستان بیان کرتے ہوئے لکھا کہ اعجاز نیند سے جگانے پر اس کی پٹائی کرتے، بچوں کو مغربی کھانوں پر لگانے پر اعجاز اکثر طویل لیکچر دیتے، اعجاز بچے کے پیزا کھانے کی خواہش پر بھی بڑھک اٹھتے۔ریحام خان نے لکھا ہے میری دوسری بیٹی انایا کی پیدائش 8 مئی 2003 کو صبح آٹھ بجے ہوئی، اگست 2003 میں اعجاز نے مجھے پاکستان میں چک شہزاد رہنے کیلئے بھیج دیا۔کتاب کے متن کے مطابق ریحام خان کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے ملاقات کے لئے میں نے اپنے گارڈ کو ہمہ وقت ساتھ رہنے کی ہدایت کی، پہلے پارٹی سیکرٹریٹ کے ایک ٹھنڈے اور بے ترتیب بیڈ روم میں نعیم الحق نے میرا انٹرویو کیا پھر نعیم الحق میری کار میں بیٹھ گئے اور ہم بنی گالہ آ گئے، نعیم الحق آگے آگے چل رہے تھے، میرے گارڈ نے کان میں سرگوشی کی، یہ آدمی ٹھیک نہیں۔ مجھے ایک کمرے میں لے جایا گیا جہاں سر سے پاؤں تک بلیک لباس میں عمر رسیدہ آدمی پشت کر کے کھڑا تھا، کالے لباس والا آدمی کوئی اور نہیں لیجنڈ (عمران خان) خود تھا، انہوں نے مجھے پلک جھپکائے بغیر گھورنا شروع کیا، نعیم الحق نے بطور اینکر میرا تعارف کروایا، میں نے ٹخنوں تک لمبی قمیض اوپر بلیک جمپر اور بلیو ٹراؤزر پہن رکھا تھا، میں نے لباس کا انتخاب سنجیدہ نظر آنے کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا، تو آپ کہاں سے ہیں، میز کے دوسری طرف سے مسلسل گھورتے ہوئے سوال پوچھا گیا، برطانیہ سے، میں نے مختصر جواب دیا۔عمران خان سے شادی کے بعد کے واقعات کے حوالے سے کتاب میں لکھا گیا کہ عید کے دن بنی گالہ میں عمران خان کے ساتھ بنائی گئی تصویر کے نیچے لکھا ہے کہ میرے بیٹے نے عمران خان کے گلے میں بازوڈالناچاہالیکن عمران پیچھے ہٹ گیا۔

کتاب

لندن(آئی این پی )پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان نے کہا ہے کہ میرے دل میں عمران خان کے لئے کوئی انتقامی کارروائی نہیں ،دھرنے کے دوران میری اور عمران خان کے درمیان بات چیت بند ہوچکی تھی ، ہماری شادی کے وقت دھرنا فیل ہو چکا تھا، کیا نوازشریف نے عمران خان کی شادی کرائی ، کیا سیتا وائٹ کا مسئلہ نوازشریف نے پیدا کیا ، عمران خان سے شادی کے موقع پر میرے ذہن میں طلاق کا کوئی خیال نہیں تھا۔وہ جمعرات کو نجی ٹی وی کو انٹرویو دے رہی تھیں ۔ ریحام خان نے کہا کہ مجھے اپنی پہلی طلاق کے موقع پر ہی اپنے بارے میں لکھ دینا چاہیے تھا، عمران خان کے ساتھ شادی ایک حادثہ تھی ، عمران خان سے شادی کے موقع پر میرے ذہن میں طلاق کا کوئی خیال نہیں تھا،میری اور عمران خان کی شادی کا اعلان 8جنوری کو ہوا تھا ، میں نے بچوں کو غلط اور صحیح کا فرق سمجھایا ہے ۔انہوں نے کہا کہ گناہ کرنا جرم ہے ، گناہ کی نشاندہی کرنا جرم نہیں ہے ، میں نے بری بات کی نشاندہی کی ہے ، کسی عورت کے غلط کام کی نشاندہی نہ کرنا کہاں کا انصاف ہے ۔ ریحام خان نے کہا کہ میں نے اپنی کتاب میں چند چیدہ چیدہ باتیں لکھی ہیں ، عمران خان سے بہت لوگ محبت کرتے ہیں ، میں نے کتاب میں سچ لکھا ہے اور میں اس کی ذمہ داری لیتی ہوں ، جتنا دیکھا ہے اس سے بہت کم بتایا ہے ، کتاب میں میں نے مہذب طریقے سے کچھ باتیں لکھی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اللہ تعالیٰ کو جواب دینا ہے ، میں نے یہ کتاب عمران خان کے فالورز کے لئے نہیں لکھی ۔

انٹرویو

مزید : صفحہ اول

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...