مسلم لیگ (ن) کے گرفتارکارکنوں کی رہائی کیلئے ہائیکورٹ میں درخواست دائر

مسلم لیگ (ن) کے گرفتارکارکنوں کی رہائی کیلئے ہائیکورٹ میں درخواست دائر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نامہ نگار خصوصی )پاکستان مسلم لیگ (ن) کے حراست میں لئے گئے کارکنوں کی رہائی کیلئے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی ہے ۔یہ درخواست پاکستان مسلم لیگ (ن) لائیرز فورم کے صدر نصیر احمد بھٹہ کی طرف سے دائر کی گئی ہے جس میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں اور ووٹروں کو ہراساں کئے جانے سے روکنے کی استدعا بھی کی گئی ہے ۔درخواست میں نظربند کئے جانے والے کارکنوں کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کے لئے بھی کہا گیا ہے ۔درخواست میں آئی جی پنجاب پولیس ،چیف سیکرٹری پنجاب ،ہوم سیکرٹری ،ایڈووکیٹ جنرل ،کمشنر لاہور اور سی سی پی او لاہور کو فریق بنایا گیا ہے ۔درخواست گزار کا موقف ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کے خلاف غیر قانونی آپریشن شروع کردیا گیا ہے جس کے تحت درجنوں افراد گرفتار کئے گئے ہیں اور انہیں غیر قانونی طور پر نظر بند کیا جارہا ہے ،انتظامیہ کی طرف سے مسلم لیگ (ن) کے ووٹرز ،کارکنوں اور ان کی اہل خانہ کو ہراساں کیا جارہا ہے جو کہ آئین کے آرٹیکلز ،9،10،14،15،16،17،19(اے)اور 25کی واضح خلاف ورزی ہے ،ان آرٹیکلز کے تحت شہریوں کو آزادی ، نقل وحرکت ،سیاسی سرگرمیوں اور اظہار رائے کے حقوق حاصل ہیں ۔آئین کے آرٹیکل25کے تحت شہریوں کے ساتھ امتیازی سلوک روا نہیں رکھا جاسکتا ،درخواست میں گرفتار کارکنوں کی فوری رہائی اور لیگی کارکنوں کو ہراساں نہ کرنے کا حکم جاری کرنے کی استدعا کی گئی ہے ۔درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ غیر قانونی طور پر حراست میں لئے گئے ان تمام افراد کے بارے میں تفصیلات فراہم کرنے کا حکم بھی جاری کیا جائے ۔
مسلم لیگ (ن) / درخواست دائر

مزید :

صفحہ اول -