شہباز شریف 16اور عمران خان 18جولائی کو نیب میں طلب

شہباز شریف 16اور عمران خان 18جولائی کو نیب میں طلب

لاہور/پشاور(خبرنگار، آن لائن)قومی احتساب بیورونے مسلم لیگ (ن)کے صد ر شہباز شریف کو 56کمپنی سکینڈل میں 16جولائی کو طلب کرلیا۔نیب لاہور کے مطابق مسلم لیگ(ن)کے صد ر شہباز شریف کو 56کمپنی سکینڈل کی پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی میں مبینہ کرپشن پر سوالنامہ بھیج دیا گیا ہے جبکہ ان کی نیب میں طلبی کا نوٹس بھی شہباز شریف کی لاہور میں رہائش گا ہ پر ارسال کردیا گیا ۔دوسری جانب خیبرپختونخوا کے سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال سے متعلق کیس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو 18جولائی کو طلب کرلیا گیا جبکہ نیب نے سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال سے متعلق سوالنامہ بھی تیار کرلیا۔ قومی احتساب بیورو(نیب )نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما امیر مقام کیخلاف تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا، چاروں بیٹوں ، دو بیٹیوں اور اہلیہ کے نام جائیداد اور گاڑیوں کا ریکارڈ بھی طلب کرلیا ، امیر مقام کے ریکارڈ کیلئے محکمہ ایکسائز کو مراسلہ جاری کردیا ۔تفصیلات کے مطابق نیب نے اثاثہ جات کیس میں محکمہ ایکسائز پنجاب سے امیر مقام اور اہلخانہ کے نام جائیداد ،گاڑیوں کا ریکارڈ طلب کر لیا۔نیب کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ محکمہ ایکسائزپنجاب 16جولائی تک ریکارڈفراہم کرے۔علاوہ ازیں تحریک انصاف کے رہنماء عبدالعلیم خان کو ان کے اثاثوں کی تفصیلات فراہم کرنے کیلئے نیب لاہور نے ایک پرفارما حوالے کر دیا ۔تفصیلات کے مطابق نیب لاہور نے عبدالعلیم خان کو گزشتہ روز دو بجے ان کی آف شور کمپنیوں کی تحقیقات کے حوالے سے طلب کر رکھاتھا جس پر عبدالعلیم خان نے پیش ہو کر تقریبا ڈیڑھ گھنٹے تک انکوائری ٹیم کے سوالوں کا جوابات دیئے،ذرائع کے مطابق انکوائری ٹیم نے عبدالعلیم خان سے ان کے اندرون ملک اثاثوں کی تفصیلات کے ساتھ ساتھ بیرون ملک اثاثوں کی تفصیلات بھی طلب کر رکھی تھیں جو وہ نیب کو فراہم نہ کرسکے جس پر نیب نے علیم خان کو اثاثوں کی تفصیلات جمع کروانے کیلئے پرفارما فراہم کر دیا ۔

مزید : صفحہ اول

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...