نواز شریف کی العزیزیہ ریفرنس دوسری عدالت منتقل کرنے کی درخواست خارج

نواز شریف کی العزیزیہ ریفرنس دوسری عدالت منتقل کرنے کی درخواست خارج

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس دوسری عدالت منتقل کرنے کی درخواست خارج کردی۔احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے العزیزیہ ریفرنس کی سماعت کی تو اس موقع پر نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے ریفرنس دوسری عدالت منتقل کرنے کی درخواست جمع کرائی۔ وکیل نواز شریف نے دلائل کے دوران فاضل جج کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی ذات پر اعتراض نہیں، قانون کا تقاضا ہے ریفرنس دوسری عدالت منتقل کئے جائیں۔اس موقع پر جج محمد بشیر نے کہا کہ قانون کے مطابق فرد جرم عائد کرنے کے بعد ریفرنس منتقل نہیں کر سکتا، اس کیلئے متعلقہ فورم ہائیکورٹ ہے اور اگر دوسرے صوبے میں کیس منتقل کرنا ہو تو سپریم کورٹ متعلقہ فورم ہے۔جج نے وکیل خواجہ حارث سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ میں آرڈر میں لکھ دیتا ہوں کہ آپ کے تحفظات ہیں جس پر نواز شریف کے وکیل نے کہا کہ آپ جن باتوں پر فیصلہ دے چکے وہ دوسرے ریفرنسز میں بھی مشترک ہیں، انصاف ہوتا نظر بھی آنا چاہئے۔خواجہ حارث نے کہا کہ آپ ہماری درخواست پر کوئی آرڈر جاری کر دیں جس پر فاضل جج نے کہا کہ فرد جرم عائد ہونے کے بعد میں خود ریفرنس منتقل نہیں کر سکتا۔اس موقع پر ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب سردار مظفر عباسی نے ریفرنس دوسری عدالت منتقل کرنے کی مخالفت کی اور فاضل جج سے کہا کہ فرد جرم آپ نے عائد کی ساری سماعت آپ کے سامنے ہوئی اس لیے بہتر یہی ہے کہ عدالت ریفرنسز پر سماعت کرے۔خواجہ حارث نے عدالت سے استدعا کی کہ سماعت منگل تک ملتوی کی جائے تاکہ ہم متعلقہ فورم سے رجوع کر سکیں۔جس کے بعد احتساب عدالت نے العزیزیہ ریفرنس کی سماعت منگل تک ملتوی کرتے ہوئے خواجہ حارث کی ریفرنس دوسری عدالت منتقل کرنے کی درخواست خارج کردی۔

مزید :

صفحہ اول -