زمینی مخلوق ہمارے ساتھ، الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کرینگے ،احسن اقبال

زمینی مخلوق ہمارے ساتھ، الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کرینگے ،احسن اقبال

نارووال(این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے کہاہے کہ الیکشن سے 2 ہفتے قبل نیب کی کارروائیاں قبل از الیکشن دھاندلی ہیں لیکن جیسے بھی حالات ہوں الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کریں گے۔ انتخابی مہم کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پرویز مشرف نے پاکستان میں خون کا بازار گرم کیا، انہوں نے کرپشن کے مگرمچھوں کو ملا کر (ق) لیگ بنوائی۔ ان کے پاس اربوں کے اثاثے ہیں اور وہ دبئی میں مزے کر رہے ہیں لیکن انہیں کوئی نہیں پوچھتا۔ نواز شریف کو شاباش دینے کے بجائے سزا دی جا رہی ہے ،بتایا جائے کہ نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کا کیا قصور ہے۔ جیسے بھی حالات ہوں گے الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کریں گے۔سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) زمینی مخلوق پر یقین رکھتی ہے اور وہ ہمارے ساتھ ہے۔ ہم ملکی ترقی کیخلاف سازشوں کو ناکام بنادیں گے۔ 25 جولائی کو کامیاب ہوکر ترقی کا سفر دوبارہ شروع کریں گے، شہباز شریف منجھے ہوئے لیڈر ہیں جب کہ بلاول بھٹو زرداری اور عمران خان کو ایک گھنٹہ بھی حکومت کا تجربہ نہیں۔چیئرمین نیب سے متعلق سوال پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہاکہ الیکشن سے 2 ہفتے قبل نیب کی کارروائیاں قبل از الیکشن دھاندلی ہیں۔ موجودہ چیئرمین نیب کو پیپلز پارٹی نے نامزد کیا تھا ،ہم نے چیئرمین نیب کے لئے اچھے نام دئیے تھے جو پیپلزپارٹی نے قبول نہ کئے۔

احسن اقبال

مزید : صفحہ اول