ٹریفک روانی کو یقینی بنانے کیلئے سی ٹی او کا مختلف شاہراؤں کا اچانک دورہ

ٹریفک روانی کو یقینی بنانے کیلئے سی ٹی او کا مختلف شاہراؤں کا اچانک دورہ

لاہور (کر ائم رپورٹر)چیف ٹریفک آفیسر لاہور کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک نے شہر میں ٹریفک روانی کو یقینی بنانے کیلئے مختلف شاہراؤں کا اچانک دورہ کیا۔سی ٹی او لاہور نے ٹھوکر نیاز بیگ، شاہکام چوک، شیراکوٹ، امامیہ چوک، بتی چوک اور شاہدرہ چوک کا اچانک دورہ کر کے ٹریفک روانی کا جائزہ لیا۔ناقص کارکردگی پر انچارج سیکٹر صدر سرکل کو شوکاز نوٹس جبکہ ڈی ایس پی شاہدرہ کو آخری وارننگ دی گئی۔سی ٹی او لاہور نے کہا کہ شاہدرہ چوک پر آئندہ چیل گوشت بکوانے پر انچارج سیکٹر شاہدرہ اور ٹریفک وارڈنز کے خلاف فوری کارروائی ہوگی۔پہلے مرحلے میں وارننگ جبکہ آئندہ ٹریفک روانی میں خلل پیدا ہونے پر موقع پر متعلقہ ٹریفک وارڈنز کو سزا دونگا۔ دریں اثنا ء چیف ٹریفک آفیسر نے شہر میں غیر قانونی گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا۔انہوں نے کہا کہ تمام ڈی ایس پیز اور سیکٹر انچارج شہر میں غیر قانونی گاڑیوں کے خلاف مہم کا آغاز کر دیں۔گاڑی کے نامکمل کاغذات ہونے کی صورت میں فوری کارروائی عمل میں لائی جائے ۔

مزید : علاقائی