نواز شریف ، مریم اورصفدر کی سزائیں روکنے کیلئے درخواست کی سماعت ملتوی

نواز شریف ، مریم اورصفدر کی سزائیں روکنے کیلئے درخواست کی سماعت ملتوی

لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ میں میاں محمدنواز شریف، مریم نواز اورکیپٹن (ر)محمدصفدر کو نیب عدالت کی طرف سے دی جانے والی سزاؤں پر فوری عمل درآمد روکنے کے لئے دائر درخواست کی سماعت میں پیش رفت نہ ہوسکی ۔مسٹر جسٹس عابد عزیز شیخ نے درخواست گزار لائیرز فاؤنڈیشن فار جسٹس کے وکیل اے کے ڈوگر کو ہدایت کی کہ نیب عدالت کے فیصلہ کی مصدقہ نقل درخواست کے ساتھ لف کی جائے ۔درخواست گزار کے وکیل نے میاں محمد نوازشریف ،مریم نواز اور کیپٹن (ر)صفدر کی سزاؤں پر فوری عمل درآمد روکنے کی استدعا کی جس پر عدالت نے کہا کہ پہلے مکمل درخواست فائل کی جائے ۔ لائیرز فاؤنڈیشن فار جسٹس کے وکیل اے کے ڈوگر نے موقف اختیار کیا کہ آئین کے تحت متروک شدہ قانون کے تحت کسی بھی ملزم کا ٹرائل نہیں کیا جا سکتا۔اٹھارویں آئینی ترمیم کی منظوری کے ساتھ ہی نیب کا قانون ختم ہو چکا ہے،تین بار وزیراعظم رہنے والے شخص کو اس قانون کے تحت سزا دی گئی جو ختم ہو چکا ہے،نوازشریف،مریم نواز اور کیپٹن (ر)صفدر کو دی جانے والی سزائیں آئین کے آرٹیکل 10(اے )کے تحت شفاف ٹرائل کے بنیادی حق سے متصادم ہیں،انہوں نے استدعا کی کہ عدالت متروک شدہ نیب قانون کے تحت دی جانے والی سزائیں کالعدم قرار دے،عدالت نے نواز شریف، مریم نواز، کیپٹن صفدر کو دی جانے والی سزاؤں پر فوری عمل درآمد روکنے کی استدعا مسترد کر دی۔عدالت نے اس کیس کی مزید سماعت کے لئے آج 13جولائی کی تاریخ مقرر کی ہے ۔

مزید : علاقائی

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...