پٹی ہوئی قیادت اور چلے ہوئے کارتوس مجلس عمل کا مقابلہ نہیں کر سکتے : سراج الحق

پٹی ہوئی قیادت اور چلے ہوئے کارتوس مجلس عمل کا مقابلہ نہیں کر سکتے : سراج الحق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(خصوصی رپورٹ)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پٹی ہوئی قیادت اور چلے ہوئے کارتوس ایم ایم اے کا مقابلہ نہیں کر سکتے،پیپلز پارٹی کے بعد ن لیگ سے ق لیگ اور پھر ن لیگ سے ہوتے ہوئے اب پی ٹی آئی میں جانے والے سیاست دان جہاں بھی جائیں گے ، ہم ان کا پیچھا کریں گے اور قوم کی لوٹی ہوئی دولت کی ایک ایک پائی وصو ل کر کے رہیں گے ،لٹیرے خواہ غلاف کعبہ میں بھی جا چھپیں ، انہیں چھوڑا نہیں جائے گا، ملک کو مسلح دہشتگردی کیساتھ ساتھ معاشی اور سیاسی دہشتگردوں سے بچانے کیلئے ضروری ہے کہ قوم متحد ہو کر متحدہ مجلس عمل کا ساتھ دے اور منبر و محراب اور خانقاہی نظام قوم کی قیادت کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں علما و مشائخ کنونشن کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کنونشن سے حلقہ این اے 135 اور پی پی 161 سے متحدہ مجلس عمل کے امیدوار امیر العظیم اور پی پی 173 کے امیدوار اور متحدہ مجلس عمل لاہور کے صدر ذکر اللہ مجاہد ، خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ ، دربار لعل شہباز قلندر کے گدی نشین پیر ڈاکٹر فضل رضا مہدی ، پیر سید عثمان نوری ، مولانا نظام الدین اشرفی ، مولانا محمد امین عاجز ، مولانا محمد اعظم قاسم ، مولانا عبدالطیف اشرفی ، مولانا فضل الرحمن ، قاری مامون الرشید اور خطیب جامع مسجد منصورہ قاری وقار احمد چترالی نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر علماء و مشائخ نے متحدہ مجلس عمل کے امیدواروں امیر العظیم اور ذکر اللہ مجاہد کی بھر پور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے اپنے معتقدین اور مریدین کو متحدہ مجلس عمل کا ساتھ دینے کی ہدایت کی۔ سراج الحق نے کہا کہ قوم چاہتی ہے کہ 25 جولائی کو الیکشن ہو ، سلیکشن نہ ہو کیونکہ نگران حکومت کو الیکشن کا مینڈیٹ ملا ہے اس کے کسی عمل سے لائیک اور ڈس لائیک کا تاثر نہیں ملنا چاہیے جبکہ الیکشن قوانین بالکل واضح ہیں لہٰذا ان سے ہٹ کر کوئی چیز قابل قبول نہیں۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کے حوالے سے پائی جانے والے بے یقینی سے لگتاہے کہ لوگ 24 جولائی کو بھی پوچھ رہے ہوں گے کہ الیکشن ہوگا یا نہیں۔سراج الحق نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی ، مسلم لیگ اور پی ٹی آئی کی حقیقی متبادل ایم ایم اے ہے، 25 جولائی کا الیکشن نظریے اور تہذیبوں کے درمیان ہوگا، ایک طرف اللہ والے اور دوسری طرف امریکہ والے ہیں اور یہ غلامان ٹرمپ اور غلامان مصطفےٰ کے درمیان معرکہ ہے۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ اس وقت الیکشن کے علاوہ کوئی چوائس نہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ نگران حکومت اور الیکشن کمیشن صاف شفاف اور غیر جانبدار الیکشن کو یقینی بنائے۔
سینیٹر سراج الحق

مزید :

علاقائی -