بچے ہمارے مستقبل کی ضمانت، تعلیم کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنا ہو گا، ممنون حسین

بچے ہمارے مستقبل کی ضمانت، تعلیم کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنا ہو گا، ممنون ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ قوموں کی ترقی میں تعلیم کو بنیادی حیثیت حاصل ہے، بچوں کی تعلیم کے ساتھ کردار سازی کو بھی فروغ دینے کی ضرورت ہے، نوجوان مثبت سوچ اور عمل کے ذریعے ملک و قوم کا مقام بلند کریں، مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے بچیوں کی تعلیم پر خاص توجہ دی جانی چاہیے، بچے ہمارے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہیں، ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ انہیں تعلیم کے لیے سازگار ماحول فراہم کریں۔صدر مملکت نے یہ بات جمعرات کو وفاقی تعلیمی بورڈ کی 33 ویں سالانہ تقریبِ تقسیم انعامات سے خطاب کر تے ہوئے کہی۔ اس موقع پر نگراں وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت محمد یوسف شیخ اور چیئرمین وفاقی تعلیمی بورڈ ڈاکٹر اکرام علی ملک بھی موجود تھے۔ صدر مملکت نے کہا کہ آج ترقی اور ٹیکنالوجی کی دنیا نہایت تیزی اور برق رفتاری سے کامیابی کی منازل طے کر رہی ہے، قدرت ایسی کامیابیاں صرف ان ہی قوموں کو عطا کرتی ہے جو تعلیم یافتہ ہونے کے ساتھ ساتھ اپنے اخلاق و کردار کے اعلی مناسب پر بھی فائض ہوں۔ انہوں نے کہا کہ قوموں کی ترقی میں تعلیم کو کلیدی حیثیت حاصل ہے لیکن کردار کی پختگی اور مثبت اخلا قی قدر وں کا فروغ اور استحکام اس سے بھی زیادہ اہم ہے۔صدر مملکت نے اساتذہ کرام اور والدین پر زور دیا کہ وہ بچوں کی تعلیم کے علاوہ ان کے اعلی اخلاق اور کردار سازی کو کبھی نظر انداز نہ کریں کیونکہ مستقبل میں انہی بچوں نے ہی ملک و ملت کی باگ ڈور سنبھالنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین ملکی آبادی کا تقریبا پچاس فی صد ہیں اس لیے ضروری ہے کہ خواتین نہ صرف تعلیم یافتہ ہوں بلکہ اعلی فنی تعلیم کی طرف بھی توجہ دیں کیونکہ آج ہم اقتصادی راہداری سمیت ترقی کے دیگر تمام ثمرات سے صرف اسی وقت ہی فیض یاب ہو سکتے ہیں جب ہمارے بچوں کے ساتھ ساتھ بچیاں بھی علم و فن میں برابر ہوں تاکہ ملک ترقی و خوشحالی کے راستوں پر گامزن رہے۔صدر مملکت نے اعزازات حاصل کرنے والے تمام طلبہ و طالبات ، اساتذہ کرام اور والدین کو مبارکباد دی اور معیاری تعلیم کے فروغ کے لئے فیڈرل بورڈ کے ذمے داروں کی جانب سے کئے گئے اقدامات کو سراہا۔ تقریب میں صدر مملکت نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں اسناد، میڈل اور انعامات بھی تقسیم کیے۔
ممنون حسین

مزید :

علاقائی -