نواز شریف پرپاکستان کی زمین تنگ ہو چکی،طاہرالقادری

نواز شریف پرپاکستان کی زمین تنگ ہو چکی،طاہرالقادری

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے سنٹرل کور کمیٹی کے ہنگامی اجلاس میں ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج قومی مجرم نواز شریف پر پاکستان کی زمین تنگ ہو چکی ہے،یہ لندن اور پاکستان کی سڑکوں پر چلنے کے قابل نہیں رہے اور جیل کی کوٹھری کے سوا کوئی جگہ انہیں قبول کرنے کیلئے تیار نہیں ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ ہم نے 14 لاشیں، سینکڑوں زخمی کارکنان ،دہشتگردی کے درجنوں جھوٹے مقدمات کا بوجھ اٹھا رکھا ہے آج کے دن تک انصاف بھی نہیں ملا،پھر بھی ریاست کے کسی ادارے کے وقار کے خلاف اپنی زبان پر حرف شکایت نہیں لائے اور آج بھی اداروں سے انصاف کی بھیک مانگ رہے ہیں اور امن اور صبرکا دامن ہاتھ سے چھوٹنے نہیں دیا ،انہوں نے نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف آج آپ عبرت کا نشان اور دھرتی کا بوجھ ہو، انہوں نے کہا کہ 17 جون سے لیکر 23 جون تک ہمارے 25 ہزار کارکنوں کو گھروں سے اٹھایا گیا، پورے پنجاب کو کنٹینر لگا کر سیل کیا گیا یہی نہیں یکم اگست 2014 سے 14اگست تک ماڈل ٹاؤن لاہور کو بقیہ لاہور اور پنجاب سے کاٹ دیا گیا ،خوراک اور دوائی بھی روک لی گئی ،کارکنوں کو اپنے شہید بہن بھائیوں کیلئے قرآن خوانی کیلئے بھی مرکزی سیکرٹریٹ آنے سے روکا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ آج ن لیگ کے سابق وزراء کہتے ہیں کہ ہم پرامن لوگ ہیں ،ہمارے کارکنوں کی پکڑ دھکڑ نہ کی جائے، انہوں نے کہا کہ ن لیگ کوئی سیاسی، جمہوری جماعت نہیں ہے،تشدد اور دولت پسند نودولتیوں کا ایک گروہ ہے ،پر امن شہریوں کو قتل کرنے ،مسلح افواج اور عدلیہ کے خلاف مہم چلانے والے پرامن لوگ نہیں ہو سکتے۔

طاہرالقادری

مزید : علاقائی