الیکشن کمیشن آئینی کردار اداکرنے میں ناکام ، انتخابات قبل ازوقت متنازع ہو چکے : رضا ربانی

الیکشن کمیشن آئینی کردار اداکرنے میں ناکام ، انتخابات قبل ازوقت متنازع ہو ...

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)سابق چیئرمین سینیٹ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما میاں رضا ربانی نے 25 جولائی کو ہونیوالے عام انتخا با ت کو متنازع قرار دیتے ہوئے کہا ہے عدالت نے ایک آمر کو انتخابات لڑنے کی اجازت دی، آرٹیکل 6 کے مجرم کو الیکشن لڑنے کی اجازت کیسے دی جا سکتی ہے؟ایک جماعت کے کہنے پر کس طرح پولنگ کا وقت بڑھا دیا گیا؟انتخابات میں فوج کی تعیناتی اور اختیارات دینا ایک ا ہم معاملہ ہے، الیکشن کمیشن فوج کو دیے گئے اختیارات سے متعلق ایوانِ بالا کو اعتماد میں لے، نگراں حکومت کہاں ہے اور کیا کر رہی ہے؟جو لوٹے وفاداری تبدیل کر کے دوسری پارٹی میں گئے کیا وہ پاک ہوگئے ہیں؟ ان کا احتساب کیوں نہیں کیا جارہا؟ ،الیکشن کمیشن کے حکام کو بریفنگ کیلئے سینیٹ میں طلب کیا جائے ۔ گزشتہ روزمیڈیا سے گفتگو میں انکا مزید کہنا تھا عام انتخابات وقت سے قبل ہی متنازع ہو چکے ہیں جس کی وجہ ان میں مداخلت اور الیکشن کمیشن کے آئینی کرداراداکرنے میں ناکامی ہے۔ 25 جولائی کو انتخابات منعقد نہ ہونے اور ان کے ملتوی کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے انتخابات میں مداخلت سے متعلق بیان دیا اور پھر واپس لے لیا لہٰذا یہ جاننا ضروری ہے انہوں نے اپنا بیان واپس کیوں لیا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں پر انتخابات سے دستبردار ہونے یا پھر سیاسی جماعت تبدیل کرنے پر دباؤ ڈالا جارہا ہے جس پر پارٹی کو تشویش ہے۔ نگراں حکومت اور ان کے وزیر آکر بتائیں ان کے انتخابی امیدواروں پر دبا ؤ کیوں ڈالا جارہا ہے۔ نیب کو صرف دو جماعتیں نظر آ رہی ہیں تیسری جماعت نظر کیوں نہیں آ رہی؟۔

مزید : کراچی صفحہ اول