عوام تین ماہ 3میں کروڑ پودے لگانے کیلئے شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لیں : نگران وزیر اعلٰی پنجاب

عوام تین ماہ 3میں کروڑ پودے لگانے کیلئے شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لیں : نگران ...

لاہور(جنرل رپورٹر)نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے کہ شجرکاری مہم کے دوران تین ماہ میں 3کروڑ پودے لگانے کا ہدف مقررکیا گیا ہے ،عوام شجرکاری مہم کے دوران اپنے گھروں میں پودے لگا کر قومی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں کیونکہ پودے اور درخت شہروں کے قدرتی حسن میں اضافہ کے ساتھ ساتھ لوگوں کو صاف ماحول بھی مہیا کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز وزیراعلیٰ ہاؤس کے لان میں پودا لگانے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا کہ شجرکاری مہم کا مقصد عوام کو زیادہ سے زیادہ پودے لگانے کی ترغیب دینا ہے کیونکہ شجرکاری ماحول کو صاف ستھرا رکھنے اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرتی ہے لہٰذا عوام شجرکاری مہم کے دوران زیادہ سے زیادہ پودے لگائیں۔نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ درخت اور پودے سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچاؤ اور زمین کے کٹاؤ کو روکنے کا اہم ذریعہ ہیں اور ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ اس مہم کے دوران زیادہ سے زیادہ پودے لگا کر اس کارخیر میں شامل ہوں کیونکہ شجرکاری ایک قومی ذمہ داری ہے اور اس ذمہ داری میں معاشرے کے تمام طبقات کو حکومت کا ہاتھ بٹانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ شجر کاری مہم کے بعدپودوں کی حفاظت اور دیکھ بھال کو یقینی بنانا بھی معاشرے کے ہرفرد کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں ماحولیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے زیادہ سے زیادہ درخت اور پودے لگانے چاہئیں۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب

مزید : کراچی صفحہ اول