اسلام آباد ،کورال میں زمین تنازع پر دو گروپوں میں فائرنگ، 4افراد قتل

اسلام آباد ،کورال میں زمین تنازع پر دو گروپوں میں فائرنگ، 4افراد قتل

اسلام آباد(جنرل رپورٹر)تھانہ کورال کی حدود میں نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے لیے زمین ایکوائر کرنے کے معاملہ پر چار افراد کو بیدردی سے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔پولیس نے واقعہ کے بارہ گھنٹے گزرنے کے باوجود بھی مقدمہ درج نہ کر سکی ہے۔مقتولین سیاسی پارٹی کے سینئر رہنما کے گارڈ تھے۔گزشتہ روز تھانہ کورال اسلام آباد کی حدود موضع بنگیال میں 20 کنال کے قریب متنازعہ اور شاملات جگہ پر تعمیر دو کمروں میں موجود چارافراد پر فائرنگ کی گئی جو موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے ۔پولیس کے مطابق دو افراد کی نعشیں کمروں کے اندر اور دو کی کمروں سے باہر پائی گئی ہیں معلومات کے مطابق نجی ہاسنگ سوسائٹیز مالکان نے متعدد ایجنٹ پال رکھے ہیں جن کی وساطت سے یہ زمینوں کی خرید و فروخت کا کام کرتے ہیں جس کے پیش نظر بتایا گیا کہ مقتولین بھی پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما چوہدری خورشید کی سربراہی میں س ایک نجی ہاسنگ سوسائٹی گلبرک کے لیے زمینوں کی خرید فروخت کا کام سرانجام دیا کرتے تھے۔جبکہ ایس ایچ او کورال محمد ارشد کے مطابق موقع پر سات افراد تھے جن میں سے چار افراد قتل ہوئے ہیں جن کی شناخت محمد رحیم خان ،عبدالغنی خان ،یاسر اور رزاق کے نام سے ہوئی ہے جبکہ موقع پر موجود دیگر تین افراد کے حوالے سے ابتک پتہ نہیں چل سکا اور نہ ہی چوہدری خورشید نے ابتک تھانہ میں درخواست دی ہے۔ایس ایچ او کورال نے بتایا کہ نعشیں ہسپتال منتقل کر دی گئے ہیں جہاں ان کا پوسٹ مارٹم کروا لیا گیا ہے ۔کیس کی مختلف زاویوں سے تحقیقات ہو رہی ہے اور اگر چوہدری خورشید نے درخواست نہ دی تو پولیس ریاست کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دے گی ۔دوسری طرف حال ہی میں پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے چوہدری خورشید نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ موقوع پر سات نہیں چھے افراد موجو دتھے اور دو افراد وہاں سے جان بچا کر بھاگے ہیں جو موقع کے گواہ ہیں اور ان کے مطابق شمریز نواز ،زاہد اور راجہ منیر نے مل کر ان کی ملکیت جگہ میں داخل ہو کر فائرنگ کی جسکے نتیجے میں ان کے چار گارڈز جاں بحق ہو گئے ہیں ۔چوہدری خورشد نے تصدیق کی کہ ان کا گلبرگ ہاو سنگ سوسائٹی کے ساتھ معائدہ ہے اور وہ سوسائٹی کو جگہ خرید کر اپنے نام ٹرانسفر کروانے کے بعد سوسائٹی کے نام جگہ کروا دیتے ہیں اور یہ جگہ بھی سوسائٹی کیلئے ہی خریدی گئی تھے اور اس کے ساتھ ملحقہ شاملات زمین کا تنازعہ ان افراد کے ساتھ تھے جنہوں نے فائرنگ کر کے ان کے گارڈز کو قتل کیا ہے ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر