چکوال،50سے زائد متحرک مسلم لیگی عہدیدار،کارکن گرفتار،جیلوں میں بند

چکوال،50سے زائد متحرک مسلم لیگی عہدیدار،کارکن گرفتار،جیلوں میں بند

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر) ضلع چکوال کے گیارہ تھانوں میں جمعرات کے روز مسلم لیگ ن کے عہدیاروں اور کارکنوں کیخلاف پکڑ دھکڑ شروع کردی گئی اور 50کے قریب مسلم لیگی متحرک عہدیداروں اور کارکنوں کو گرفتار کرکے جیل میں بند کر دیاگیا۔ گرفتار ہونے والوں میں مسلم لیگ ن سٹی چکوال کے صدر شاہد عباسی، پہلوان گروپ کے جنرل کونسلر ملک عامر سہیل، سیٹھ محمد عرفان، حاجی برکت رنگ الہٰی،قاضی زاہد وقار، ابراہیم سیال، علاقہ ونہار کے سماجی کارکن حفیظ دھرکنہ، کونسلر صادق، سابق امیدوار چیئرمین یونین کونسل بوچھال کلاں ملک ریاض ، تلہ گنگ سے گرفتار ہونے والوں میں ملک عمران کریم مندیال، سمیع اللہ خان جوگی، حاجی سلیمان اور ملک شجاع حیدر،شفیق بھٹی کلر کہار، یونین کونسل بھرپور کے وائس چیئرمین صابر حسین گجر ، ماسٹر امیرخان بھٹی گجراور دیگر شامل ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق اعلیٰ حکام سے مزید کاررائی کا انتظار ہے۔ ابھی تک گرفتار شدگان کیخلاف کوئی مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔ امیدوار حلقہ پی پی21 چوہدری سلطان حیدر، حلقہ این اے64میجر(ر) طاہراقبال اور امیدوار حلقہ پی پی22ملک تنویر اسلم نے ریٹرننگ آفیسر چکوال محمد اسلم بھٹی کو تحریری درخواست دیتے ہوئے ان گرفتاریوں کو پری پول دھاندلی قرار دیتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ان رہنماؤں نے یہ مزید کہا کہ نہ ہی کوئی جلوس نکالا گیا نہ ہی کوئی احتجاج ہوا اس کے باوجود یہ گرفتاریاں مسلم لیگ ن کو ہرانے کا ایک طے شدہ منصوبہ ہے۔ میاں نواز شریف اور مریم نواز کے استقبال کی تیاری انتخابی مہم کا حصہ ہے اور کسی بھی پرامن شہری اورکارکن کو اس میں شرکت سے روکا نہیں جا سکتا۔ سید عرفان الحسن زیدی کے ذریعے دی جانے والی اس تحریری درخواست کی کاپیاں چیف الیکشن کمشنر پاکستان ،وزیراعلیٰ پنجاب ، ڈپٹی کمشنر چکوال، صدر پاکستان مسلم لیگ ن لاہور اور چکوال پریس کلب کو بھی بھیجی گئی ہیں۔ یہاں آنے والی تفصیلات کے مطابق ضلع چکوال کے تمام تھانوں کی پولیس نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب صبح مسلم لیگی کارکنوں کے گھروں میں داخل ہوکر پولیس گردی مچائی، ڈلوال میں وسیم کونسلر اور سماجی کارکن ظفر اعوان وعولہ کے گھروں پر بھی چھاپے مارے گئے اور لیگی کارکنوں کے اہل خانہ کو حراساں کیا گیا۔

Back to Conversion Tool