یونائیٹڈ انشورنس کمپنی کی کارکردگی قابل اطمینان ہے،میاں شاہد

یونائیٹڈ انشورنس کمپنی کی کارکردگی قابل اطمینان ہے،میاں شاہد

راولپنڈی(جنرل رپورٹر) پاکستان کریدٹ ریٹنگ ایجنسی (پاکرا) نے یونائیٹڈ انشورنس کمپنی (یو آئی سی)کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ادارہ کامیابی سے اپنی درجہ بندی قائم رکھے ہوئے ہے۔ پاکرا نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا ہے کہ یو آئی سی کی ڈبل اے مائنس درجہ بندی اپنی جگہ قائم ہے اور اس کمپنی نے صارفین کو بہتر خدمات فراہم کرنے کیلئے کلیم ٹریکنگ سسٹم بھی متعارف کروا دیا ہے۔ یہ ادارہ پالیسی ہولڈرز اور معاہدوں پر پورا اترنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے اور اسے کاروباری یا اقتصادی ماحول میں کسی منفی تبدیلی سے کوئی خاص خطرہ لاحق نہیں۔ اس ادارے کی مالی حالت اچھی ہے اس لئے اس میں رسک برداشت کرنے کی سکت زیادہ ہے ۔پاکرا کے مطابق کمپنی مضبوط بنیادوں پر استوار ہے اور اس پرکاروباری اتار چڑھاؤ یا معاشی حالات کے منفی اثرات پڑنے کا امکان کم ہے اوریہ ادارہ اپنے تمام کاروباری معاملات کو خوش اسلوبی سے نمٹانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔کمپنی کی ترقی کے امکانات روشن ہیں۔پاکرا کے بیان پر اپنے ردعمل میں کمپنی کے یونائیٹڈ انٹرنیشنل گروپ کے چئیرمین میاں شاہد نے کہا کہ کمپنی کی کامیابی کا سہرا ملازمین کے سر ہے جنکی شبانہ روز محنت کی وجہ سے یہ ادارہ ترقی کر رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بیمہ کی صنعت ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے اور اسکے بغیر اقتصادی ترقی کا تصور محال ہے۔ انھوں نے کہا کہ کمپنی صارفین کو فراہم کی جانے والی خدمات کا معیار بہتر بناتی رہے گی۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...