خانپور میں 2ہفتوں سے جاری کشیدگی ختم، دشمنی دوستی میں تبدیل

خانپور میں 2ہفتوں سے جاری کشیدگی ختم، دشمنی دوستی میں تبدیل

مظفرآباد(بیورورپورٹ)خانپور (دبن) میں 2ہفتوں سے جاری کشیدگی ختم، دشمنی دوستی میں بدل گئی۔ ممکنہ خون خرابے کا خدشہ ٹل گیا۔ ارشد اعوان گروپ اور بشیر اعوان گروپ دشمنی بھول کر باہم بغل گیر ہو گئے۔ سیاسی و سماجی شخصیت اعجاز مغل نے اہم کردار اداکیا۔ عوام علاقہ خانپور(دبن) کا اظہار تشکر ۔ معززین علاقہ نے امن قائم کرانے پر اعجاز مغل کو امن کا کُلہ پہنایا۔ تفصیلات کے مطابق مظفرآباد کے نواحی گاؤں خانپور (دبن ) میں 2ہفتے قبل ارشد اعوان اور محمد بشیر اعوان کے درمیان جھگڑا ہوا جسکی گڑھی دوپٹہ تھانہ میں باقاعدہ ایف ۔آئی ۔آر بھی درج کروائی گئی لیکن کوئی گرفتاری عمل میں نہ لائی گئی۔ جس پر عوام علاقہ دبن میں شدید غم و غصہ پایا جارہاتھا۔خانپور کی تمام اعوان برادری ،رشتہ داریوں و عزیز داریوں کی وجہ سے ارشد اعوان گروپ اور محمد بشیر اعوان گروپ میں تقسیم ہو گئی۔دونوں گروپوں کے درمیان بڑے تصادم کا خدشہ تھا۔ مسلم لیگ کے راہنما اعجاز مغل نے رضاکارانہ مصالحتی کردار ادا کرتے ہوئے دونوں گروپوں کو مذاکراتی میز پر بٹھا دیا۔ اعجاز مغل کی معاونت مقامی معززین نمبرادر سائیں اعوان و محمد اسلم اعوان (چیئرمین) فقیر خان اعوان و صوبیدار محمد حسین گوہر رحمان اعوان، محمد منیر اعوان، علی زمان اعوان، اشرف اعوان، گلاب خان اعوان نے کی۔ طویل مذکرات کے بعد دونوں گروپوں میں صلح ہو گئی۔ یوں بشیر اعوان و ارشد اعوان کی دشمنی دوستی میں بدل گئی۔ عوام علاقہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔فریقین نے آئندہ کبھی بھی لڑائی جھگڑا نہ کرنے کا تحریری معاہدہ کیا۔ معززین علاقہ دبن و باجلہ، کلاماں ، صفہ، رتیالی، پاڑہ نے اعجاز مغل کا شکریہ ادا کیااور نمبردار سائیں اعوان ، محمد اسلم اعوان(چیئرمین) و صوبہ خان اعوان، فقیر خان اعوان، گوہر رحمان اعوان، محمد حسین اعوان، محمد اشرف اعوان نے اعجاز مغل کو روایتی کُلہ پہنایا جسے " امن کُلہ" کا نام دیا گیا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر