شہدائے کشمیر کی گرانقدر خدمات فراموش نہیں کی جا سکتیں،شاہ غلام قادر

شہدائے کشمیر کی گرانقدر خدمات فراموش نہیں کی جا سکتیں،شاہ غلام قادر

مظفرآباد (سٹاف رپورٹر)آزاد کشمیر اسمبلی کے سپیکر شاہ غلام قادر نے کہا ہے کہ شہدائے کشمیر کی گرانقدر خدمات فراموش نہیں کی جا سکتیں۔ بھارتی افواج نے لاکھوں کشمیری عوام کو آزادی کی جدوجہد کے دوران بے دردی سے شہید کیا ہے۔ طاقت و جبر کے قانون کو کشمیری عوام مسترد کر چُکے ہیں۔ اقوام متحدہ کے عالمی ادارہ کو چاہیے کہ وہ کشمیری عوام کے ساتھ کیا گیا وعدہ حق خود ارادیت پُورا کرے۔ بھارت نے طاقت کے جنون میں ریاستی عوام کا بے دریغ قتل عام کیا ہے۔ اس پر اقوام متحدہ کے ادارہ اور عالمی طاقتوں کی خاموشی افسوسناک ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ آج بھی ریاستی عوام حق آزادی کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ سپیکر اسمبلی نے یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر ریاستی عوام کو یقین دلایا کہ آزادی کی جدوجہد میں وہ تنہا نہیں۔ آزاد کشمیر، پاکستان اور عالم اسلام سمیت انسانی حقوق کے ادارے، دوست ممالک اُن کی جدوجہد کو تسلیم کرتے ہیں۔ سپیکر اسمبلی نے شہدائے کشمیر کے بلندیء درجات کی دُعا کرتے ہوئے کہا کہ ظُلم پھر ظُلم ہے بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے۔ شہدائے کشمیر کی جدوجہد ضرور رنگ لائے گی اور کشمیر بھارت کی چُنگل سے آزاد ہو کر تکمیل پاکستان کا ادھورا خواب جلد پُورا ہو گا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر