امریکا کی جانب سے محکمہ جیل سندھ کیلئے حفاظتی سامان کا عطیہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) امریکا کی جانب سے سندھ کے محکمہ جیل کو تقریبا 70 لاکھ روپے کے حفاظتی سامان کا عطیہ دیا گیا۔ جیلوں کے اہلکار خصوصا وہ جو احاطے میں، داخلی دروازوں پر یا جیل کی عمارات کے باہر تعینات ہوتے ہیں دہشت گردوں کا آسان ہدف ہوسکتے ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ کے انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لا انفورسمنٹ بیورو کی جانب سے فراہم کیے جانے والے جدید ترین مگر ہلکے پھلکے ہیلمٹ اور بلٹ پروف جیکٹیں سندھ بھر میں جیل سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں کو اپنی حفاظت میں مدد دیں گی۔حفاظتی سامان عطیہ کیے جانے کے موقع پر آئی این ایل کے کریکشن پروگرام آفیسر نیتھینئل ہیفٹ کا کہنا تھا کہ سندھ کے محکمہ جیل کے ساتھ تعاون اور شراکت دری ہمارے لیے باعثِ فخر ہے۔ امید ہے کہ یہ ہیلمٹ اور جیکٹیں سیکیورٹی اہلکاروں کے اعتماد میں اضافہ کریں گی۔ جیل کے سیکیورٹی اہلکار فوجداری عدالتی نظام کا اہم ترین حصہ ہیں جو کراچی اور پاکستان کے لیے بے لوث خدمات انجام دے رہے ہیں اور اس کے لیے وہ بھرپور ستائش کے حق دار ہیں۔امریکی محکمہ خارجہ کے انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لا انفورسمنٹ بیورو نے سندھ کے محکمہ جیل کے ساتھ شراکت داری 2014 میں شروع کی تھی۔ آئی این ایل 90 سے زائد ممالک میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جرائم اور کرپشن کے خاتمے، منشیات سے متعلقہ جرائم ختم کرنے اور پولیس کی صلاحیتیں بڑھانے میں مدد فراہم کرتا ہے، یہ ادارہ قانون کے نفاذ اور شفاف عدالتی نظام کے لیے بھی کوششیں کرتا ہے۔
Back to Conversion Tool