ہارون بلور پر حملہ جمہوری عمل کیخلاف سازش قرار دیا جا سکتا ہے :سکندر شیر پاؤ

ہارون بلور پر حملہ جمہوری عمل کیخلاف سازش قرار دیا جا سکتا ہے :سکندر شیر پاؤ

چارسدہ(بیور و رپورٹ)قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئر مین سکندر شیر پاؤ نے پشاور میں انتخابی مہم کے دوران ا ے این پی کے رہنماء اور صوبائی حلقہ پی کے 78سے اے این پی کے امیدوار ہارون بلور پر خود کش حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ خود کش حملے کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چارسدہ شیر پاؤ میں پاکستان مزدور کسان پارٹی کی جانب سے انتخابات میں قومی وطن پارٹی کے امیدواروں کی حمایت کے اعلان کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مزدور کسان پارٹی کے مرکزی صدر افضل شاہ خاموش اور جنرل سیکرٹری بھادر خان بھی موجود تھے۔ سکندر شیر پاؤ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہارون بلور پر خود کش حملے سے پوری قوم سوگوار ہے ، اس قسم کے واقعات سے پاکستان میں جاری جمہوری عمل کے خلاف سازش ہی قرار دیا جا سکتا ہے اور اس سے جمہوری عمل کمزور ہو گا اور انتخابات کی شفافیت پر سوالات اٹھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایک اہم امیدوار پر خود کش حملہ سیکورٹی اداروں کی ناکامی ہی قرار دی جا سکتی ہے اس لیئے ہمارا مطالہ ہے کہ اس واقعے کی تحقیقات کیئے جائیں اور کوتاہی برتنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ سکندر شیر پاؤ نے مزید کہا کہ نگران حکومت اور الیکشن کمیشن کو اس واقعے کا نوٹس لینا چاہئے اور امیدواروں کا تحفظ یقینی بنائے تاکہ آئندہ کیلئے اس قسم کے اقدامات کا روک تھا م کیا جا سکے اور انتخابی عمل کو پرامن اور شفاف بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت ملک انتہائی نازک صورت حال سے دوچار ہے اداروں کو چاہیے کہ اپنے حدود سے تجاوز نہ کریں بصورت دیگر ملک افراتفری اور بے چینی کی طرف جانے کا خدشہ ہے ، انتخابی امیدواروں سے سیکورٹی واپس لینے کا اقدام نیک شگون نہیں ہو سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پوری قوم کا متحد ہونا ضروری ہے، افغانستان کے ساتھ خوشگوارتعلقات امن کی جانب پہلا قدم ہوگا، دہشت گردی کی بیخ کنی کیلئے پاکستان اور افغانستان کو مشترکہ کوششیں کرنے چاہیے کیونکہ افغانستان میں امن کے بغیر پاکستان میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔ایک سوال کے جواب میں سکندر شیر پا ؤ نے کہا کہ قومی وطن پارٹی کے منشور میں تعلیم اولین ترجیح ہے ، برسراقتدار آکر ہر ضلع میں یونیورسٹی بنائیں گے اور سکولوں اور کالجز کا جال بچھائیں گے۔ اس سے قبل مزدورپاکستان مزدور کسان پارٹی کے جنرل سیکرٹری بھادر خان نے ضلع چارسدہ میں قومی وطن پارٹی کے تمام امیدواروں اور ملاکنڈ سے پی کے19سے قومی وطن پارٹی کے امیدوار جہانگیر خان کی حمایت کا اعلان کیا۔ سکندر شیر پاؤ نے حمایت پر پاکستان مزدور کسان پارٹی کے قائدین کا شکریہ ادا کیا۔

مزید : پشاورصفحہ آخر