کوہاٹ میں خسرہ سے بچاؤ کی12روزہ مہم25 اکتوبر سے شروع ہوگی،ڈپٹی کمشنر

کوہاٹ میں خسرہ سے بچاؤ کی12روزہ مہم25 اکتوبر سے شروع ہوگی،ڈپٹی کمشنر

کوہاٹ(بیورورپورٹ)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوہاٹ شاہ نواز نے محکمہ صحت کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ 25اکتوبر 2018ء سے شروع ہونے والی خسرہ سے بچاؤ کی12روزہ مہم کو ہرصورت کامیاب بنانے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کارلائیں اور 9ماہ تا5سال کے ہر بچے تک رسائی یقینی بنائیں۔انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ اس مہم میں محکمہ صحت کی ٹیموں سے تعاون کریں اور اپنے 5سال تک کے ہر بچے کو خسرہ سے بچاؤ کے ٹیکے ضرور لگوائیں۔یہ ہدایات انہوں نے جمعرات کے روز ڈپٹی کمشنر کوہاٹ کے کیمپ آفس میں خسرہ سے بچاؤ مہم سے متعلق منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر کوہاٹ گل بانو، اسسٹنٹ کمشنر لاچی سمیع الرحمن، ڈی ایچ او کوہاٹ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں اس مہم کو کامیاب بنانے کے مجوزہ پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیااور اس سلسلے میں کئی اہم فیصلے کئے گئے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ مذکورہ مہم بغیر کسی وقفے کے 12دن تک جاری رہے گی اور اس کے لئے اربن اور رورل سطح پر فکسڈ، آؤٹ ریچ اور موبائل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور اربن سطح پر ہر ٹیم روزانہ 150تا200جبکہ رورل سطح پر 100تا150بچوں کو خسرہ سے بچاؤ کے ٹیکے لگائیں گی۔اجلاس کو مزید بتایاگیا کہ خسرہ سے متاثرہ بچے سے 18بچوں کو یہ بیماری منتقل ہوسکتی ہے اور احتیاط نہ کرنے کی صورت میں یہ بیماری جان لیوا بھی ہوسکتی ہے۔اس کی علامات میں بخار، جلد پر سرخ دانے نکلنا، ناک سے پانی بہنااور کھانسی شامل ہیں لہذا جن بچوں میں یہ علامات ظاہر ہوں تو فوراً ڈاکٹریا قریبی ہسپتال سے رجوع کیا جائے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے اپنے مختصر خطاب میں محکمہ صحت کو انتظامیہ اور دوسرے محکموں کی جانب سے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ اس مہم کو ہرصورت کامیابی سے ہمکنار کرنا ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت کی ہر گز کوئی گنجائش نہیں۔

مزید : پشاورصفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...