مہمند ،بجلی ناروا لوڈشیڈنگ کیخلاف عوام کا مظاہرہ
ضلع مہمند () ضلع مہمند، یکہ غنڈ بازار میں ناروا لوڈ شیڈنگ سے تنگ آکر لوگ سڑک پر نکل آئے ۔ مین پشاور غلنئی روڈ پر ٹائر جلا کر ٹریفک معطل کر دیا۔ واپڈا کے خلاف نعرہ بازی۔ تفصیلات کے مطابق قبائلی ضلع مہمند کے تحصیل یکہ غنڈ میں مقامی لوگوں نے سخت گرمی میں ناروا اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے تنگ آکر روڈ پر نکل آئے۔ یکہ غنڈ بازار میں مین پشاور غلنئی روڈ پر ٹائر جلا کر ٹریفک بند کر دیا۔ مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ ٹیکس سے بچنے کیلئے غیر مقامی سرمایہ کاروں نے ضلع مہمند میں کارخانے کھول رکھیں ہیں۔ جس کی وجہ سے عوام 20 سے 22 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کا سامنا کر رہے ہیں۔ اور دی جانے والی بجلی کا وولٹیج اتنا کم ہوتا ہے کہ قیمتی الیکٹرنک اشیاء جل جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ لوڈ شیڈنگ سے پینے کے پانی کا مسئلہ پیدا ہوا ہے۔ مظاہرین نے ٹیسکو اور دیگر ذمہ داران کے خلاف نعرہ بازی بھی کی۔ ضلعی انتظامیہ کی یقین دہانی پر مظاہرین منتشر ہو گئے۔ مظاہرے میں بازار کے مکینوں، مقامی لوگوں اور عوامی نیشنل پارٹی کے نثار مہمند نے شرکت کی۔