ڈیرہ ،ناروا لوڈشیڈنگ اور ٹرپنگ کیخلاف عوام کا احتجاج
ڈیرہ اسماعیل خان( بیورورپورٹ)پیسکو واپڈا کی ظالمانہ لوڈشیڈنگ اورٹرپنگ کے خلاف پہاڑپورمیں عوام نے احتجاجاًکاروباری ادارے بندکرکے جلوس نکال دیا‘ڈیرہ شہر،مضافاتی علاقوں میں بجلی کی کم وولٹیج اورٹرپنگ سے عوام کی زندگی اجیرن بن کر رہ گئی ‘انتظامیہ خاموش ۔تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان اورپہاڑپورمیں بجلی کی ظالمانہ لوڈشیڈنگ ،کم وولٹیج اورٹرپنگ کے باعث عوام سراپااحتجاج بن گئی ۔پہاڑپورمیں عوام نے کاروباری ادارے بندکردیے اورپیسکو کے خلاف چوگلیہ سے اڈہ گراؤنڈ تک احتجاجی جلوس نکالا۔ شرکاء نے کہاکہ پیسکو کی طرف سے ساری ساری رات بجلی نہیں دی جارہی جب کہ دن کے اوقات میں بھی چار چار گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جب کہ پہاڑپورکوبندکورائی فیڈر کی بجائے ڈھکی فیڈر سے بجلی سپلائی کرکے پہاڑپورکو دیہات کی طرح انتہائی کم بجلی سپلائی کی جارہی ہے جو زیادتی ہے بعدازاں اسسٹنٹ کمشنر پہاڑپورکی طرف سے مذاکرات کے بعد مظاہرین نے احتجاج ختم کردیا ۔ ڈیرہ اسماعیل خان شہر ، ڈیال روڈ ، مریالی ٹوفیڈر سمیت مضافاتی علاقوں میں بجلی کی ظالمانہ لوڈشیڈنگ کاسلسلہ جاری ہے جب کہ وولٹیج بھی انتہائی کم فراہم کی جارہی ہے جس کی وجہ سے بجلی سے چلنے والا سامان ناکارہ ہوگیاہے اورجلنے سے لوگوں کو لاکھوں روپے کا نقصان بھی ہواہے ۔ عوامی حلقوں نے پیسکو چیف خیبرپختونخوااورضلعی انتظامیہ سے اس بارے فوری کاروائی کامطالبہ کیاہے۔