25جولائی کو اسلام پسندوں اور اسلام سے بیزار ٹولے کے درمیان مقابلہ ہوگا:مولانا گل نصیب
سخاکوٹ( نمائندہ پاکستان) ایم ایم اے کے نامزدا اُمیدوار حلقہ این اے 8 مولانا گل نصیب خان اور صوبائی اسمبلی پی کے19 کے نامزدامیدوار شیخ القرآن مولانا جمال الدین اور نے کہا ہے کہ 25جولائی کو اسلام پسندوں اور اسلام سے بے زار ٹولے کے درمیان مقابلہ ہوگا ۔ قوم اسلام پسندوں کا ساتھ دیکر اسلام سے بیزار ٹولے کا صفایا کرینگے ۔قانون ختم نبوتؐ کا تحفظ کرکے مذہبی قوتوں نے اپنا فرض ادا کیا ہے اور انشاء اﷲ آئندہ کوئی مائی کا لعل اسلام کے خلاف کسی قسم کی قانون سازی نہیں کرسکتا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ پی کے 19ملاکنڈ کے مختلف یونین کونسلوں جھاڑے، غونڈو پایان ، شلہ بانڈہ ،صادقین کلے ،زر آباد یونین کونسل سخاکوٹ بانڈہ جات ،پُرانہ سخاکوٹ خاص ،خانگھڑے سخاکوٹ ، فقیر آباد، گلو شاہ ،توحید آباد اور دیگر علاقوں میں شمولیتی اجتماعات اور کارنرز میٹنگز کے دوران کیا ۔اجتماعات سے جے یو آئی کے ضلعی ڈپٹی جنرل سیکرٹری مولانا سلمان تاثیر خان ، سابق ناظم حق نواز خان ایڈوکیٹ ، محمد طاہر ، مولانا محمد شفیع ، مولانا فضل قیوم اور دیگر مقررین نے خطاب کیا ۔ نامزد اُمیدواروں نے کہا کہ اسمبلی میں مذہبی جماعتوں کے ممبران کی موجودگی سے سیکولرز اور لبرل جماعتوں کے ممبران پر لرزہ طاری ہو جاتا ہے اس لئے اسلام پسند عوام 25جولائی کو ووٹ کا صحیح استعمال کرکے اسلام سے بیزار ٹولے کی حوصلہ شکنی کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایم اے نے اپنے گذشتہ دور حکومت میں پورے صوبے سمیت ملاکنڈ میں ملاکنڈ تھری پراجیکٹ ، انڈسٹریل اسٹیٹ سمیت اربوں روپے کے بڑے بڑے منصوبے مکمل ہیں جس سے ملاکنڈ کو سالانہ کروڑوں روپے آمدن ہوتا ہے ااور انشاء اﷲ 25جولائی کو بھی ایم ایم اے کامیاب ہو کر ترقی کا سفر وہی سے شروع کریگی۔