چنگ چی رکشوں کی رجسٹریشن نہ کرنے پر توہین عدالت کیس: عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل سندھ سے رپورٹ طلب کر لی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سندھ میں چنگ چی رکشوں کی رجسٹریشن نہ کرنے پر توہین عدالت کیس کی سماعت میں عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل سندھ سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت ایک ماہ کے لیے ملتوی کردی ۔
تفصیلات کے مطابق سندھ میں چنگ چی رکشوں کی رجسٹریشن نہ کرنے پر توہین عدالت کیس کی سماعت سپریم کورٹ میں ہوئی ۔کیس کی سماعت جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کی۔اس موقع پر صدرچنگ چی رکشا یونین عاطف رضا نے عدالت میں موقف اپنایا کہ سپریم کورٹ کاحکم ہونے کے باوجود رجسٹریشن نہیں کی جارہی،15مہینوں سے رکشوں کی رجسٹریشن کے لئے چکرلگارہے ہیں جبکہ عدالتی حکم کے برخلاف رجسٹریشن اتھارٹی نے مزیدشرائط عائدکردیں ہیں۔جسٹس گلزار احمداسلام نے ریمارکس دیئے کہ چنگ چی والے بھی تو ٹرانسپورٹ مافیا کا حصہ ہیں۔سپریم کورٹ نے توہین عدالت کی درخواست پرایڈووکیٹ جنرل سندھ سے رپورٹ طلب کر لی اور جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے کہ رپورٹ آنے کے بعد فیصلہ کریں گے۔سپریم کورٹ نے کیس کی سماعت ایک ماہ کے لیے ملتوی کردی۔