اکرم درانی پر حملے کی مذمت، عام انتخابات سبوتاژ کرنے کی سازش کی جارہی ہے: عمران خان

اکرم درانی پر حملے کی مذمت، عام انتخابات سبوتاژ کرنے کی سازش کی جارہی ہے: ...
اکرم درانی پر حملے کی مذمت، عام انتخابات سبوتاژ کرنے کی سازش کی جارہی ہے: عمران خان

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)  پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان  نے بنوں میں ایم ایم اے کے امیدوار اکرم درانی پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا  ہے کہ 25 جولائی کوہونے والےانتخابات سبوتاژکرنے کی سازش کی جارہی ہے۔

مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ایک ٹوئیٹ میں عمران خان نے لکھاکہ ’یوں محسوس ہوتا ہے کہ 25 جولائی کے انتخابات کو سبوتاژ کرنے کیلئے کسی سازش کا ڈول ڈالا جارہا تاہم عوام ایسی کسی بھی سازش کو ان تاریخی انتخابات کی راہ میں حائل ہونے کی اجازت نہیں دیں گے‘۔

عمران خان نے کہا کہ اکرم درانی کی سلامتی کی اطلاع باعث اطمینان ہے، انتخابات جیسے اہم ترین مرحلے کے دوران دشمن عدم استحکام کا خواہاں ہے، پرامن ماحول میں غیرجانبدارانہ انتخابات پاکستان کے مستقبل کیلئے نہایت اہم ہیں، نگراں حکومتیں امیدواروں کی سلامتی اور مجموعی طور پر امن عامہ کے تحفظ کو اہم ترین ترجیح بنائیں، کسی کو فساد برپا کرنے کا موقع فراہم نہ کیا جائے۔

ایک اور ٹوئیٹ میں عمران خان نے سوال اٹھا یا کہ ’ حیران ہوں کہ جب نوازشریف مشکل میں ہوتا ہے تو پاکستانی سرحد  پر صورتحال بگڑنا اور دہشتگرد انہ واقعات میں اضافہ ہوجاتاہے ؟۔کیا عجیب اتفاق ہے ۔ 

مزید : قومی /الیکشن /قومی اسمبلی