شوریٰ ہمدرد کے زیر اہتمام ’’آئندہ انتخابات ۔عوامی توقعات ،ضابطۂ اخلاق اور ووٹرز کی ذمہ داریاں‘‘ کے موضوع پر سیمینار
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)’’آئندہ بننے آنے والی قومی و صوبائی حکومتوں سے جہاں عوام کو بے شمار توقعات وابستہ ہیں وہاں پانی کے نئے ذخائر کی تعمیر اُن توقعات میں سرفہرست ہیں ۔اب ووٹرز کی قومی ذمہ داری ہے کہ وہ وعدوں کو پورا کرنے والے امیدواروں کی پرکھ کو یقینی بنائیں اور ایسے امانت دار اور محب وطن اُمیدواروں کے لیے اپنا حق رائے استعمال کریں جو وطن عزیز کو مصائب ومشکلات سے نکالنے کا عزم رکھتے ہوں‘‘ ان خیالات کا اظہار شوریٰ ہمدرد کے اجلاس ’’آئندہ انتخابات ۔عوامی توقعات ،ضابطۂ اخلاق اور ووٹرز کی ذمہ داریاں‘‘میں شامل شرکا نے کیا ۔اس فکری نشست کی صدرات قائم مقا م اسپیکر ابصار عبدالعلی نے کی ۔انہوں نے اپنے ابتدائی کلمات میں کہا کہ کسی بھی اُمیدوار کو منتخب کرنے سے قبل اُسکے ماضی پر نظر دوڑائیں۔ آیا اسکے عزائم کیا ہیں اور اُنکی تکمیل کرنے کیلئے اس امیدوار کے پاس کیا پروگرام ہوگا،دراصل جب اُمیدوار الیکشن میں کھڑا ہو جائے تو اُسکی پارٹی کا منشور ہی دستور عمل ہوتاہے ، اور اس آئین کی بنیاد پر اُسے پرکھا جا سکتا ہے ۔ اجلاس کے آغاز میں ابصار عبدالعلی نے اسپیکر شوریٰ ہمدرد محترمہ بشریٰ رحمن کے شوہر مرحوم عبدالرحمن میاں کیلئے تعزیتی کلمات ادا کیے اور پھر محترم مفتی کاشف جمیل مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے خصوصی دُعا فرمائی ۔اجلاس میں جسٹس (ر)ناصرہ اقبال،جنرل (ر)راحت لطیف ،محترم احمد اویس،محترم ابصار عبدالعلی،ڈاکٹر آصف محمود جاہ،پروفیسرڈاکٹر اعجاز بٹ ،محترم کامران نذیر، میجر(ر)صدیق ریحان، محترم قیوم نظامی ،مفتی کاشف جمیل،محترم ثمر جمیل خان ،میجر (ر)خالد نصر،لیفٹیننٹ جنرل (ر)افضل نجیب،محترم راشد حجازی، پروفیسر ڈاکٹر عظمت الرحمن ،پروفیسر خالد محمود عطا،پروفیسر مشکور صدیقی،مفتی عارف ستار،محترم طفیل اختر،ڈاکٹر کنول فیروز و دیگر نے شرکت کی۔