تمام اضلاع میں موبائل پولیس خدمت مراکز کا آغاز

تمام اضلاع میں موبائل پولیس خدمت مراکز کا آغاز

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور ایک کروڑ 15 لاکھ سے زائد نفوس پر مشتمل خطے کا میگا سٹی ہے جبکہ لاکھوں افراد بھی روزانہ کی بنیاد پر دیگر شہروں سے روزگار اور محنت مزدوری کے لئے یہاں آتے ہیں۔ اتنی بڑی آبادی کے مسائل بھی حجم میں اتنے ہی زیادہ کثیر اور گھمبیر نوعیت کے ہیں۔ مسائل کے مقابلے میں وسائل نہ ہونے کے برابر ہیں۔ محکمہ پولیس پنجاب کو بھی صوبہ کے دیگر محکموں کی طرح محدود وسائل اور ان گنت مسائل کا سامنا رہا ہے۔ تاہم شہر سے جرائم کے خاتمہ کے لئے جاری کوششوں کے ساتھ ساتھ خدمات کے شعبوں میں بھی شہریوں کو معیاری سہولیات کی فراہمی کے لئے گذشتہ چند سالوں میں قابل قدر اقدامات عمل میں لائے گئے ہیں۔ حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق موجودہ آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے جرائم کی بیخ کنی اور کمیونٹی پولیسنگ کے لئے جدید آئی ٹی ٹیکنالوجی پر مبنی سہولیات کی فراہمی کے لئے موثر اقدامات کئے ہیں۔ پولیس اور عوام کا ہمیشہ سے چولی دامن کا ساتھ رہا ہے۔ شہریوں کے جان و مال اور عزت و آبرو کے حوالے سے کسی بھی ناگہانی صورتحال اور مصیبت کا شکار ہونے پر پولیس ہی فرسٹ ریسپانڈر کے طورپر متاثرہ شخص کی دادرسی کے لئے اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اسی طرح پولیس عوامی خدمت کے شعبوں میں بھی شہریوں کو جدید سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے۔

کریکٹر سرٹیفیکیٹ، ٹریفک لائسنس، ویریفیکیشن سرٹیفیکیٹ، میڈیکولیگل سرٹیفیکیٹ اور ایف آئی آر سمیت مختلف اہم دستاویزات کے حصول کے لئے قبل ازیں شہریوں کو تھانوں اور متعلقہ پولیس دفاتر کے جابجا چکر لگانے پڑتے تھے۔ طویل کاغذی کاروائی اور تصدیق کے عمل سے گذرتے ان کا قیمتی وقت ضائع ہوتا تھا اور بعض اوقات میں شہریوں کو کچھ پولیس ملازمین کے رویوں کے حوالے سے بھی شکایات سامنے آتی تھیں۔ مزید برآں عوام الناس کیلئے محکمہ پولیس سے متعلقہ سہولیات کا حصول فورس کی فیلڈ میں گونا گوں مصروفیات کی وجہ سے خاصا صبر آزما اور دشوار گزار عمل تھا۔ لہذا ان سہولیات کی فراہمی کو فوری و بلاتعطل ایک چھت کے نیچے یقینی بنایا جانا نہایت ضروری تھا تاکہ عوام الناس کو پولیس دفاتر اور پولیس اسٹیشنز جائے بغیر اپنی مطلوبہ سہولت حاصل ہو سکے۔

جس کیلئے پہلی بارمارچ2017ء میں ملتان میں اُس وقت کے سٹی پولیس آفیسر کی زیر نگرانی پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے پولیس سے متعلقہ 14 سہولیات کی فراہمی کو ایک ہی چھت کے نیچے یقینی بنا کر ''پولیس خدمت مرکز'' کا قیام عمل میں لایا گیا۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نوا ز خان کی جانب سے اس فلاحی منصوبے کو صوبے کے تمام دیگر اضلاع تک وسعت دیدی گئی۔ نومبر 2018ء میں ایک ضلع میں رہتے ہوئے کسی بھی دوسرے ضلع سے پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹس اورڈرئیونگ لائسنس کی تجدید کی سہولت کی فراہمی کا آغازکیا گیا۔ جس سے شہریوں کو پولیس کریکٹر سر ٹیفکیٹ کے حصول اور ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کے لئے اپنے آبائی ضلع میں جانے کی ضرورت نہیں رہی۔ اب وہ کسی بھی شہر میں ہوں، اپنا پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ اور دیگر سہولیات حاصل کر سکتے ہیں۔ نومبر 2018ء میں ہی میڈیکولیگل سرٹیفکیٹ کے حصول کو آسان بنانے کے پیش نظر پنجاب بھر کے تمام ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں میں ''پولیس خدمت کاؤنٹرز'' کا قیام عمل میں لایا گیا۔کسی حادثے یا جرم کے دوران زخمی ہونے کی صورت میں اب شہریوں کو میڈیکو لیگل سرٹیفکیٹ کے حصول کیلئے تھانے جانے کی ضرورت نہیں رہی۔

متاثرہ شخص کا فوری علاج معالجہ ممکن ہوا ہے اور انہیں میڈیکل سرٹیفکیٹ کے لئے دربدر نہیں ہونا پڑتا۔ پنجاب کے تمام ڈسٹرکٹ ہیڈ کورارٹرز ہسپتالوں میں پولیس خدمت کاؤنٹرز قائم کئے گئے ہیں جہاں میڈیکل ڈاکٹ کا حصول آسان بنایا گیا ہے۔ کسی بھی متاثرہ شخص کو پولیس سٹیشن جائے بغیر میڈیکل ڈاکٹ کی فراہمی ہسپتالوں میں ہی یقینی بنائی گئی ہے۔ جرائم برخلاف اشخاص (قتل، اقدام قتل، ضرر، حادثات) جنسی جرائم (زناء بالجبر، گینگ ریپ، بد فعلی) جیسے مقدمات میں انصاف کے تقاضوں کو پورا کرنے اور متاثرہ شخص کو بروقت انصاف کی فراہمی کے لئے پولیس خدمت کاؤنٹرز بنانا وقت کی اہم ضرورت تھی۔ ہسپتالوں میں خدمت کاؤنٹرز قائم کرنے کا مقصد میڈیکولیگل سرٹیفکیٹ کی جلد، شفاف اور با سہولت فراہمی اور تکمیل ہے تاکہ متاثرہ شخص کو فوری علاج کے ساتھ ساتھ قانونی کارروائی کے لئے میڈیکولیگل سرٹیفکیٹ(MLC)کے حصول میں کسی تاخیر کا سامنا نہ کرنا پڑے اور اس شخص کی زندگی کو بھی بچایا جا سکے۔

اس سے قبل متاثرہ شخص میڈیکل سرٹیفکیٹ بروقت نہ ملنے کے وجہ سے علاج معالجہ کی سہولیات سے محروم رہ جاتا تھا۔ پولیس خدمت کاونٹرز کے دائرہ کار کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ز ہسپتالوں تک بڑھا یا جا رہا ہے۔ مارچ 2019ء میں ملتان ہی سے اس وقت کے ریجنل پولیس آفیسر کی طرف سے ''موبائل پولیس خدمت مرکز'' کا فلاحی منصوبہ سامنے آیا جس کا باقاعدہ افتتاح وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کیا۔ ان اقدامات کے ذریعے عوام کو ان کے گھر کی دہلیز پر پولیس سے متعلقہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا۔ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے پنجاب پولیس کے فلاحی اقدامات کو سراہتے ہوئے ''موبائل پولیس خدمت مراکز'' کو پنجاب بھر کے تمام اضلاع میں شروع کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ جس پر عمل درآمد کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

پولیس سے متعلقہ سہولیات کی فراہمی کے لئے جدید سہولیا ت اور آئی ٹی ٹیکنالوجی سے مزین یہ موبائل پولیس خدمت وین ہر ضلع کے ڈی پی او کے حوالے کی جا رہی ہیں جن سے ان اضلاع کے شہریوں کو اپنے گھر کی دہلیز پر یہ سہولیات با آسانی دستیاب ہوں گی۔ موبائل پولیس خدمت مراکز کے قیام کا مقصد جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے عوام الناس کو پولیس کی جانب سے مجموعی طور پر 15 سروسز (خدمات) کی ایک ہی چھت تلے مقررہ ٹائم لائن میں فراہمی موثر انداز میں یقینی بنانا ہے۔ خدمت مراکز میں پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ، جنرل پولیس ویریفکیشن، وہیکل ویری فکیشن، موبائل فون ویری فیکیشن سروس، رپورٹ گمشدگی، گمشدہ بچوں کی رپورٹ، جرائم کی اطلاع،کرائم رپورٹس، قانونی رہنمائی برائے خواتین، ایف آئی آر کی کاپی کا حصول، کرایہ داری کا اندراج، نجی اداروں میں کام کرنے والے اور گھریلو ملازمین کی رجسٹریشن، لرنر ڈرائیونگ لائسنس کاحصول، ڈرائیورنگ لائسنس کی تجدید، انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کا حصول اور پولیس خدمت کاؤنٹرز سے میڈیکولیگل رپورٹس کی فراہمی جیسی اہم خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔

پنجاب بھر کے تمام خدمت مراکز میں یکم جنوری 2019ء سے ابتک 03لاکھ 42ہزار کریکٹر سرٹیفکیٹ، 02لاکھ 42ہزارجنرل ویریفکیشن، 43ہزار 800وہیکل ویرفکیشن،09ہزار150 ایف آئی آرز کی نقول،189کرائم رپورٹس، 23ہزار 800 گمشدگی رپورٹس، 41خواتین پر تشدد کی رپورٹس، 141گھریلو ملازمین کا اندراج،37ہزار800کرایہ داروں کا اندراج، 52ہزار216 میڈیکولیگل رپورٹس، 05ہزار 692 دوسرے اضلاع کے کریکٹر سرٹیفکیٹس،12لاکھ 40ہزار سے زائد لرنر لائسنس، 04لاکھ49ہزار سے زائد لرنر لائسنس کی تجدید، 02لاکھ 07ہزار سے زائد لائسنس کی تجدید، 10ہزار کے قریب دوسرے اضلاح کے لائسنس کی تجدید جبکہ92ہزار سے زائدریگولر لائسنس اور 45سو سے زائد انٹر نیشنل لائسنس جاری کئے جاچکے ہیں۔


پولیس خدمت مرکز کے قیام کا مقصد شہریوں اور پولیس کے درمیان دوستانہ اور پائیدار اعتمادکی فضاء کومزید بہتر بنانا ہے۔ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی مدد سے جدید ٹیکنالوجی کو استعمال میں لاتے ہوئے مذکورہ خدمات مقررہ مدت میں فراہم کی جا رہی ہیں۔ پولیس خدمت مرکز کا سسٹم، پولیس سٹیشن ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم، کریمنل ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم، اینٹی وہیکل لفٹنگ سسٹم اور فورتھ شیڈولرز کے نظام کے ساتھ منسلک ہے۔ اس مربوط (Integrated) سروسز سسٹم کے تحت سہولیات کے حصول کے لئے آنے والے افرادکا ڈیٹا خود کار نظام کے ذریعے چیک کیا جاتا ہے۔ اگر کوئی درخواست دہندہ اس آن لائن سسٹم میں ریکارڈ یافتہ یا سابقہ کریمنل ریکارڈ رکھتا ہو گا تو اس سے بھی پولیس کو آگاہی فراہم ہو گی۔ اگر کو ئی شہری کسی دوسرے ضلع میں نوکری کر رہا ہے تو اسے جنرل پولیس ویریفکیشن حاصل کرنے کی سہولت اُس کے موجودہ رہائشی ضلع میں فراہم کر دی گئی ہے۔ پنجاب کے کسی بھی ضلع سے جاری ہونے والے ڈرائیونگ لائسنس کی تجدیدکے کسی بھی دیگر ضلع میں قائم پولیس خدمت مرکز سے با آسانی کروائی جا سکتی ہے۔

اب شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لئے جس ضلع سے لائسنس جاری ہوا، وہاں جانے کی ضرورت نہیں رہی۔ پولیس خدمات مراکز میں خواتین کے لئے بھی مکمل محفوظ ماحول فراہم کیا گیا ہے اور ان کے میڈیکولیگل سرٹیفکیٹس بھی ترجیحی بنیادوں پر جاری کئے جا رہے ہیں۔ پنجاب پولیس خدمت مرکز کی ایپ Book an Appointment'' ''میں ایک سہو لت یہ بھی دی گئی ہے کہ کریکٹر سرٹیفکیٹ کے حصول کے لیے آنے والے افرادایک سے سات دن قبل اپنی خصوصی اپائنٹمنٹ لے سکتے ہیں جن کو مقررہ تاریخ اور وقت تک خدمت مرکز پہنچنے پر ترجیحی بنیادوں پر یہ تمام سروسز فراہم کی جائیں گی۔

مزید :

رائے -کالم -