اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے جج ارشد ملک سے متعلق وزارت قانون کو لکھا گیا خط سامنے آگیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے جج ارشد ملک سے متعلق وزارت قانون کو لکھا گیا خط سامنے آگیا،خط اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار کی طرف سے سیکرٹری وزارت قانون کو لکھا گیا ہے،نجی ٹی وی کے مطابق خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ جج کومجاز اتھارٹی سبکدوش یا عہدے سے ہٹا سکتی ہے،مبینہ وڈیو کے اجرا،پریس ریلیز،بیان حلفی کے واقعات جج کو فوری طورپرہٹانے کے متقاضی ہیں،خط میں کہا گیا ہے کہ جج کی خدمات اس کے بنیادی ادارے لاہور ہائی کورٹ کو واپس کی جائیں، گریڈ 21 کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ارشد ملک کو ڈیپوٹیشن پر 25 جنوری 2018 کو تعینات کیا گیا، یہ خط اسلام آباد ہائی کورٹ کے معزز چیف جسٹس کی مشاورت تصورکیا جائے،اس معاملے میں جلد کارروائی لائق تحسین ہوگی۔