پیدائش کے مقررہ وقت سے پہلے پیدا ہونے والے بچوں کو پوری زندگی کس چیز کا خطرہ رہتا ہے؟ سائنسدانوں نے والدین کو انتہائی پریشان کن خبر دے دی
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) بچوں کی قبل از وقت پیدائش ہونے سے ان کے بعض طبی عارضوں کا شکار ہونے کے امکانات تو ہوتے ہی ہیں، اب سائنسدانوں نے ایسے بچوں کے لیے ایک اور ایسی بری خبر سنا دی ہے کہ کسی کے وہم و گمان میں بھی نہ تھی۔ میل آن لائن کے مطابق یونیورسٹی آف واروِک کے سائنسدانوں نے نئی تحقیق میں بتایا ہے کہ جن بچوں کی پیدائش قبل ازوقت ہوتی ہے انہیں محبت تلاش کرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور دوسروں کی نسبت ان کے زندگی بھر کنوارے رہنے کے امکانات بھی 2گنا زیادہ ہوتے ہیں۔
تحقیقاتی ٹیم کی سربراہ ڈاکٹر مرینا گولرٹ ڈی مینڈونسا نے اس کی وجہ بیان کرتے ہوئے بتایا کہ ”قبل از وقت پیدا ہونے والے بچے فطری طور پر دوسرے بچوں کی نسبت کئی گنا زیادہ شرمیلے ہوتے ہیں، ان کا یہی شرمیلا پن انہیں اپنی محبت کا اظہار کرنے سے روکتا ہے۔“سینکڑوں بچوں پر کی جانے والی اس تحقیق میں جو اعدادوشمار سامنے آئے ان کے مطابق جو بچے حمل کے 37ویں ہفتے سے پہلے پیدا ہو جاتے ہیں انہیں کبھی بھی شریک حیات نہ ملنے کے امکانات 28فیصد زیادہ ہوتے ہیں۔