پی ایس ایل 5، ٹکٹوں کی ری فنڈنگ کا پہلا مرحلہ آج شروع

پی ایس ایل 5، ٹکٹوں کی ری فنڈنگ کا پہلا مرحلہ آج شروع

  

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2020کے 10میچوں کی ٹکٹوں کی واپسی کا پہلا مرحلہ آج شروع ہوگا یہ میچز یا تو بارش کی نذر ہوئے یا بند دروازوں میں کھیلے گئے اور یا پھر کوویڈ 19کے باعث ان کا شیڈول تبدیل کردیا گیا تھا۔دو مرحلوں پر مشتمل ٹکٹوں کی ری فنڈنگ کاعمل آج شروع ہوگا جو پانچ اگست تک جاری رہیری فنڈنگ کا دوسرا مرحلہ 6سے 29اگست تک جاری رہے گا۔ جہاں لیگ کے ابتدائی شیڈول میں شامل کوالیفائر، 2ایلیمنٹر اور فائنل میچ کی ٹکٹیں ری فنڈ کی جائیں گی۔6ہفتوں پر مشتمل یہ عمل صارفین کے لیے ایونٹ کی ٹکٹوں کی واپسی کا واحد موقع ہے۔ ٹکٹوں کی واپسی کا یہ عمل ملک بھر کے 27مختلف شہروں کے مخصوص ٹی سی ایس مراکز پر پیر سے ہفتہ، صبح 10سے سہ پہر 4بجے تک جاری رہے گا۔ ان شہروں میں اسلام آباد، لاہور، کراچی، کوئٹہ، پشاور اور ملتان کے علاوہ چکوال، حیدرآباد، وہاڑی، گجرانوالہ، بھکر، ڈیرہ غازی، سکھر، لودھراں اور وہاڑی وغیرہ بھی شامل ہیں اس حوالے سے پاکستان سپر لیگ کے منتظمین کا کہنا ہے کہ ہمیں خوشی ہے کہ آج سے شائقین کو ٹکٹوں کی واپسی کا مرحلہ شروع ہورہا ہے جو دو مرحلوں میں مکمل کرلیا جائے گا انہوں نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ یہ عمل تاخیر سے شروع ہورہا ہے مگر انہوں نے کہا کہ مداح بھی اس کی وجہ جانتے ہیں انہوں نے کہا کہ تمام منسوخ میچوں کے ٹکٹوں کی رقم شائقین کو واپس مل جائے گی اور اس حوالے سے ہم نے اپنی تیاری مکمل کرلی ہے اور دونوں مرحلہ بخوبی انجام کو پہنچیں گے۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -