پولیس افسران و اہلکار کورونا سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد یقینی بنائیں: شعیب دستگیر

        پولیس افسران و اہلکار کورونا سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد ...

  

لا ہو ر (کر ائم رپو رٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر نے کہاہے کہ کورونا کے پھیلاؤ کو محدود سے محدودرکھنے کیلئے صوبے کے تمام اضلاع میں افسران واہلکارپہلے سے زیادہ تندہی اور جذبہ خدمت کے ساتھ اپنے فرائض سر انجام دیں اور حکومت پنجاب کی جاری کردہ ہدایات اور احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد ہر صورت یقینی بنایاجائے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ افسران خود فیلڈ میں نکل کر ایس او پیز کی پاسداری کے حوالے سے صورتحال کا جائزہ لیتے رہیں تاکہ وبائی وائرس کے پھیلاؤ کو کم سے کم کرکے شہریوں کی قیمتی جانوں کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جاسکے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ صوبہ بھر میں ادویات اور اشیائے خوردونوش سمیت ضروری سازو سامان کی گاڑیوں کی آمدورفت میں کوئی رکاوٹ نہ آنے پائے جبکہ مارکیٹوں، بازاروں اور دیگر عوامی مقامات پر متعلقہ حکومتی اداروں کے ساتھ مل کر کاروائیاں جاری رکھی جائیں اور خلاف ورزی کرنے والے شہریوں کو ایس او پیز پر عمل درآمد کرواتے ہوئے باور کروایا جائے کہ احتیاطی تدابیر کی پابندی میں انہی کا فائدہ ہے۔ ان خیالات کا اظہارآئی جی پنجاب شعیب دستگیر نے سنٹرل پولیس آفس میں افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کیا۔ آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کو بتایا گیا کہ 6جون سے جاری آپریشن کے دوران صوبہ بھر میں مارکیٹوں اور بازاروں میں اب تک مجموعی طور پر 195924دکانوں کو چیک کیا گیا ہے جن میں خلاف ورزی پر21531 دکانوں کو سیل اور بندکیا گیاہے۔ شاہرات پر 275568موٹر سا ئیکلوں، 87563گاڑیوں اور 55577 پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کو چیک کیا گیا جن میں سے مجموعی طور پر 124146 موٹر سائیکلوں،گاڑیوں اور ٹرانسپورٹ وہیکلز کو ہدایات کی خلاف ورزی پرسول ایڈمنسٹریشن نے جرمانے عائد کئے۔گذشتہ روز ہونے والی کاروائیوں کے متعلق آئی جی پنجاب کو بتایا گیا کہ گیارہ جولائی کو صوبے بھر میں 3889 دکانوں کی انسپکشن کی گئی اورایس او پیز کی خلاف ورزی پر 218دکانوں کو سیل اوربندکیا گیا۔اسی طرح 7108موٹر سا ئیکلوں، 2127گاڑیوں اور 1536 پبلک ٹرانسپورٹ وہیکلز کو بھی چیک کیا گیا اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پرسول ایڈمنسٹریشن نے مجموعی طور پر 2761موٹر سائیکلوں، گاڑیوں اور پبلک ٹرانسپورٹ وہیکلز کو جرمانے عائد کئے۔

مزید :

علاقائی -