عمران خان نے کرپٹ سیاستدانوں کا بوریا بستر گول کردیا، ہمایوں اختر

      عمران خان نے کرپٹ سیاستدانوں کا بوریا بستر گول کردیا، ہمایوں اختر

  

لاہور(پ ر)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کو عوام کے ووٹوں سے پانچ سال کیلئے حکومت ملی ہے اور صرف اپوزیشن کی خواہش پر اس کی قبل از وقت معیاد پوری نہیں ہو سکتی، جمہوریت کی گاڑی چلتی رہے گی۔ البتہ وزیر اعظم عمران خان نے ملک سے کرپشن اور اس کے بل بوتے پر سیاست کرنے والوں کا بوریا بستر ہمیشہ ہمیشہ کیلئے گول کردیا ہے۔وزیر اعظم عمران خان کی مسلسل جدوجہد اور عزم سے مافیاز کی گرفت کمزور ہو رہی ہے اور رد عمل کے طور پر بھرپور مزاحمت کی جارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی رہنماؤں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں دو جماعتوں نے اقتدار کی باریاں لیں اور ایک دوسرے کی کرپشن کی پردہ پوشی کی گئی۔ موجودہ حکومت نے اپنی جماعت کے لوگوں کے خلاف بھی سخت ایکشن لے کر شفافیت اور احتساب کے نعرے کو سچ کر دکھایا ہے۔

تحریک انصاف کے دور حکومت میں ہی کرپشن کے خلاف جدوجہد کی بیل منڈھے چڑھے گی۔ انہوں نے کہا کہ جو جماعتیں کئی دہائیوں تک اقتدار میں رہیں ان کی جانب سے تحریک انصاف کی حکومت سے دو سالوں میں معجزوں کی توقع کرنا مضحکہ خیز ہے، عوام آگاہ ہیں سابقہ حکمرانوں نے ملک میں جتنے بیگاڑ پیدا کئے ہیں انہیں راتوں رات ٹھیک نہیں کیا جا سکتا بلکہ اس کیلئے وقت درکار ہے اور حکومت اس طرف مثبت پیشرفت کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن رہنما انوکھے لاڈلے بنے ہوئے ہیں جواقتدار کی ہوس میں قبل از وقت انتخابات کے خواب دیکھ رہے ہیں۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -