پاکستانی سفیر کی یورپی یونین ایئر سیفٹی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سے ملاقات

پاکستانی سفیر کی یورپی یونین ایئر سیفٹی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سے ملاقات

  

اسلام آباد(آئی این پی) پی آئی اے پروازوں پر یورپی ممالک میں پابندی کے خاتمے کے سلسلے میں اہم قدم سامنے آیا ہے، اس حوالے سے جرمنی میں پاکستانی سفیر نے یورپی یونین ایئر سیفٹی ایگزیکٹو ڈائریکٹر سے ملاقات کی ہے۔ اتوارکوپی آئی اے کے پائلٹس اور پروازوں پر برطانیہ اور یورپی یونین ممالک میں پابندی کے معاملے میں پاکستانی سفیر نے یورپی یونین ایئر سیفٹی ایگزیکٹو ڈائریکٹر سے ملاقات کی، جس میں پابندی کے خاتمے کے لیے پی آئی اے کی جانب سے ایاسا کو ورکنگ پلان دینے پر اتفاق کیا گیا۔قومی ایئر لائن کی جانب سے یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی (ایاسا)کو پابندیوں کے خاتمے کے لیے ایک ورکنگ پلان بنا کر دیا جائے گا، اس سلسلے میں وزارتِ خارجہ نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ذریعے پی آئی اے کے سی ای او کو مراسلہ جاری کر دیا ہے۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ورکنگ پلان ایاسا سے ہونے والے مذاکرات کے نکات پر مبنی ہوگا، پلان میں 6 ماہ میں ایاسا کے اعتراضات دور کرنے کے اقدامات کی تفصیل درج کی جائے گی۔ پائلٹس اور ٹیکنیکل اسٹاف کی ہائرنگ پر خامیوں کو دور کرنے کی تفصیلات، اور مشتبہ لائسنس پر بھرتیوں کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی تفصیلات دی جائیں گی۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ عالمی ایوی ایشن آرگنائزیشن کے قوانین پر عمل درآمد کی تفصیلات فراہم کی جائیں، متعلقہ حکام پی آئی اے کی ساکھ کی بحالی پر مبنی اقدامات کریں، اکا کی جانب سے پی آئی اے کی ساکھ کی بحالی کے لیے اقدامات میں اس کی مدد کی جائے، سی اے اے اور پی آئی اے کی جانب سے ساکھ بحالی کے لیے اقدامات کی تشہیر کی جائے گی۔

پی آئی اے

مزید :

صفحہ آخر -