مسئلہ کشمیر حل نا ہونے سے خطہ کسی بڑی جنگ کی دلد ل میں پھنس سکتا ہے: اسد قیصر
اسلام آباد(آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ آزادی کی خاطر کشمیریوں نے لازوال قربانیاں دیں، بھارت کے ہاتھوں شہید ہونے والے نہتے کشمیریوں کا خون رائیگاں نہیں جاے گا اور وہ دن دور نہیں جب کشمیری کے باسی اپنی حق خودارادیت کی جدوجہد کے ذریعے کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہوتا ہوا دیکھیں گے، مسئلہ کشمیر برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے جسے حل کیے بغیر جنوبی ایشیاء میں امن کا قیام ناممکن ہے۔ یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ گزشتہ 11 ماہ سے کشمیر میں بھارت کی فاشسٹ حکومت کی جانب سے جبری لاک ڈاؤن جاری ہے، جس کے باعث ہزاروں کشمیری شہید ہو چکے ہیں۔ کشمیر میں گزشتہ 72 سالوں سے ہزاروں ماؤں کے جگر کے ٹکڑے ان سے چھینے جا چکے ہیں اور خواتین کی بے حرمتی اور عصمت دری کے ہزاروں ایسے واقعات رونما ہو چکے ہیں جس کی دنیا میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ بھارت کی نام نہاد جمہوری حکومت نے اپنے ہاتھ ہزاروں کشمیری شہداء کے لہو سے رنگے ہوئے ہیں۔ کرفیو کے باعث کشمیری عوام کو بنیادی ضروریات زندگی کی روزمرہ کی اشیاء خوردونوش کی کمی کا سامنا ہے۔ خوراک اور ادویات کی قلت کی وجہ سے لاکھوں انسان کسمپرسی کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں جس کی وجہ سے بچوں اور بزرگوں کی زندگی سے ہاتھ دھونے کے شدید خطرات لائق ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے ڈھائے جانے والے مظالم کا سختی سے نوٹس لے۔ خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔ مسئلہ کشمیر حل نا ہونے کی وجہ سے خطہ کسی بڑی جنگ کی دلدل میں پھنس سکتا ہے۔ خطے کو جنگ کی ہولناکیوں سے بچانے کے لیے اقوام متحدہ کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق پرامن حل تلاش کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
اسد قیصر