کشمیری عالمی برادری اور سلامتی کونسل سے پوچھ رہے ہیں انصاف کب ملے گا: شہباز شریف

      کشمیری عالمی برادری اور سلامتی کونسل سے پوچھ رہے ہیں انصاف کب ملے گا: ...

  

لاہور(این این آئی)مسلم لیگ (ن)کے صدر شہبازشریف نے کہا ہے کہ عالمی برادری، اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل سے کشمیری سوال پوچھ رہے ہیں کہ انہیں انصاف کب ملے گا؟ یوم شہدائے جموں وکشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں شہبازشریف نے کہاکہ انگریز سامراج کی سرپرستی میں ڈوگرہ فوج کے خلاف سری نگر سینٹرل جیل کے باہر جام شہادت نوش کرنے والوں کا نام تاریخ میں سنہری حروف سے درج ہے۔ آج کے دن کشمیریوں نے ثابت کیا کہ قرآن کریم اوراسلام کی عزت وحرمت انہیں اپنی جان سے پیاری ہے۔ 22مسلمانوں کا جان قربان کرکے اذان مکمل کرنا واضح پیغام ہے کہ انہیں شکست نہیں دی جاسکتی، نہ جھکایا جاسکتا ہے۔ شہداکشمیر کی پکار بھارت سے آزادی کی تحریک کی صورت میں مقبوضہ جموں وکشمیر میں آج بھی پوری قوت سے گونج رہی ہے۔ بھارت غلط فہمی میں نہ رہے، مقبوضہ جموں وکشمیر مسلم اکثریت خطہ ہے اور انشااللہ ہمیشہ رہے گا۔ بھارت کے ظلم وجبر اور استبداد میں 5اگست 2019سے ایک نئی شدت آئی ہے جوانتہائی قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کے رہنے والوں کو سلام ہے جنہوں نے آزادی کے لئے ہر ظلم، مصیبت کا عزم وہمت سے مقابلہ کیا اورہرسازش کو ناکام بنایا۔ علاوہ ازیں شہبازشریف نے جنگ اور جیو کے ایڈیٹر انچیف میرشکیل الرحمن کی ہمشیرہ کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہاکہ میر شکیل الرحمن کو بھائی میر جاوید رحمان کے بعد ہمشیرہ کے انتقال کا دوہرا صدمہ برداشت کرنا پڑا۔ بھائی اور بہن کا غم بڑا گہرا ہوتا ہے، میرشکیل الرحمن اور اہلخانہ سے ہمدردی ہے۔

شہبازشریف

مزید :

صفحہ اول -