ملک کے مختلف حصوں میں بارش، موسم خوشگوار ہو گیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) ملک کے مختلف حصوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جس کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا۔
ملک کے مختلف حصوں میں رات گئے اور صبح سویرے گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی سے گرمی کی شدت میں کمی آ گئی۔
سکھر اور اس کے گردونواح میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی۔ بارش شروع ہوتے ہی ملک علاقوں میں بجلی غائب ہو گئی۔ خیر پور، میر ٹھری واہ اور ملحقہ علاقوں میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی۔پنجاب اور خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ ہلکی اور تیز بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، بالائی و وسطی پنجاب، خیبر پختونخوا اور کشمیر میں آج بھی بارش کا امکان ہے جبکہ سندھ کے اضلاع سکھر، لاڑکانہ اور جیکب آباد میں گرد آلود ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ کراچی سمیت صوبہ سندھ کی ساحلی پٹی میں بھی گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
بلوچستان کے مختلف اضلاع ژوب، سبی، کوہلو بارکھان، لورالائی، موسیٰ خیل سمیت دیگر علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلنے اور بارش کا امکان ہے۔ گلگت بلتستان میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
گزشتہ روز سب سے زیادہ بارش پنجاب کے ضلع فیصل آباد میں 74 ملی میٹر، اسلام آباد میں 58 ملی میٹر، راولپنڈی میں 52 ملی میٹر، سرگودھا میں 44 ملی میٹر، سیالکوٹ میں 43 ملی میٹر، نارووال میں 37 ملی میٹر، لاہور میں 33 ملی میٹر، منڈی بہاو¿الدین میں 31 ملی میٹر، ساہیوال میں 30 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
خیبر پختونخوا کے علاقے پشاور میں 25 ملی میٹر، مالم جبہ میں 17 ملی میٹر، کاکول میں 14 ملی میٹر، بالاکوٹ میں 08 ملی میٹر جبکہ گلگت بلتستان کے علاقے استور میں 07 ملی میٹر اور گوپس میں 01 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔کشمیر کے علاقے مظفرآباد میں 34 ملی میٹر، کوٹلی میں 10 ملی میٹر، گڑھی دوپٹہ میں 03 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
گزشتہ روز سب سے زیادہ گرمی سبی دادو، شہید بے نظیر آباد میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ دالبندین اور روہڑی میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کی گئی۔