حکومت کا معیشت پر ریگو لیٹری پابندیاں نر م کرنے کا فیصلہ، اعلان پیکیج میں ہو گا

حکومت کا معیشت پر ریگو لیٹری پابندیاں نر م کرنے کا فیصلہ، اعلان پیکیج میں ہو ...

  

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) وزیر اعظم عمران خان نے اقتصادی تھینک ٹینک کے اجلاس میں ریگولیٹری پابندیوں کونرم کرنے کی منظوری دے دی جن کا اسی ماہ ایک پیکیج کی صورت میں اعلان کیا جائے گا۔وزیر اعظم عمران خان نے ہفتہ کے روز اقتصادی تھینک ٹینک کے اجلاس میں ریگولیٹری پابندیوں کونرم کرنے، معیشت کو ڈیجیٹل بنانے، نظرانداز کیے گئے شعبوں کی افادیت کو استعمال کرنے سمیت 8 شعبوں میں اصلاحات کیلیے 60 سے زیادہ سفارشات کی منظوری دے دی جن کا اسی ماہ ایک پیکیج کی صورت میں اعلان کیا جائے گا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومتی قرضہ آسان اور محفوظ ہونے کی وجہ سے بینک اس میں ہرصورت سرمایہ کاری کرینگے۔ گورنر اسٹیٹ بینک نے بھی وزیراعظم کی اس بات سے اتفاق کیا۔وزیراعظم کو پیش کی گئی سفارشات میں سے انصف سٹیٹ بنک کے ریگولیٹری پراسس سے متعلق تھیں۔ذرائع کے مطابق اسٹیٹ بنک نے20 سفارشات کو قبول کرنے پر اتفاق کیااور بینکوں کی لیکویڈٹی کم کرنے سمیت ایک درجن تجاویز پر تحفظات کا اظہار کیا۔ جو تجاویز قبول کی گئیں ان میں اوورسیزپاکستانیوں کوبینکوں کے ذریعے ترسیلات بھجوانے میں سہولت دینے کیلئے ان کے ڈیجیٹل اکاؤنٹ کھولنے،چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کیلئے قرضوں کی حد بڑھانے،عارضی اقتصادی ریلیف پیکج کی مدت میں مزید اضافہ کرنے اور معیشت کو ڈیجیٹل بنانے سے متعلق تھیں۔مشیرخزانہ حفیظ شیخ نے اپنی بریفنگ میں یوٹیلٹی بلوں میں کمی،ٹارگٹڈ سبسڈیز،ایف بی آر آپریشنز کی ٹیکس پالیسیاں علیحدہ علیحدہ کرنے اور صوبائی مالیات میں بہتری کی تجاویز پر روشنی ڈالی۔ اس وقت حکومت کو بجلی کے بلوں پر دی جانے والی سبسڈی،گردشی قرضوں کو روکنے کیلئے بجلی کی قیمتیں بڑھانے کے چیلنج کا سامنا ہے۔حکومت نے سال رواں کے بجٹ میں بجلی پر دی جانے والی سبسڈی میں 60 فیصد کمی کی ہے۔وزارت توانائی نے اس کیلئے366 ارب روپے مانگے تھے۔ اس دلدل سے نکلنے کی صورت میں آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی کی راہ میں ایک رکاوٹ دور ہوجائیگی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے بجلی پر ٹارگٹڈ سبسڈی کی حمایت کی اور کہا کہ موجودہ سبسڈی نظام سے امیراور غریب دونوں برابر فائدہ اٹھا رہے ہیں۔وزیراعظم کاکہنا تھا کہ سبسڈی کا فائدہ غریب کو پہنچنا چاہیے۔ اس کیلیے حکومت نے احساس فلیگ شپ پروگرام شروع کیا ہے جس کے تحت صرف غریب اور ضرورت مند افراد کی امداد کی جائیگی۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت جلد ہی اوورسیز پاکستانیوں کے ڈیجیٹل اکاؤنٹ کھولے گی تاکہ وہ پراپرٹی اور حکومتی سکیورٹیز میں آسانی سے سرمایہ کاری کرسکیں۔سٹیٹ بینک کی خو اہش تھی کہ ڈیجیٹل اکاؤنٹ قومی بچت کے مرکزی ڈائریکٹوریٹ میں کھولے جائیں لیکن کمپیوٹرائزیشن کے معاملات کی وجہ سے یہ تجویز قابل عمل قرارنہیں دی گئی۔وزیراعظم نے اقتصادی ی ترقی کا“آؤٹ آف باکس“ حل تلاش کرنے کی ضرورت پر زوردیا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کورونا کی وبا نے دیگرممالک کی طرح پاکستان کی اقتصادی ترقی کو بھی متاثر کیا ہے۔لیکن ان کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت نے ابتدائی دنوں سے ہی وبا اور اقتصادی سرگرمیوں میں توان کی حکمت عملی اختیارکی۔ وزیراعظم عمران خان نے مختلف اعانتوں کے ذریعے معاشرے کے نادار طبقوں کو ریلیف فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے انہوں نے کہا کہ کوروناوائرس کے پاکستان سمیت دنیا بھر کی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے پہلے دن سے ہی پائیدار اقتصادی سرگرمیوں اور وبائی مرض کورونا سے عوام کو تحفظ فراہم کرنے کے درمیان توازن برقرار رکھنے کی حکمت عملی اختیار کی۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث مشکل کی اس گھڑی میں ملک کی اقتصادی ترقی کے لئے غیر روایتی حل کی ضرورت ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ تعمیرات اور ہاؤسنگ کے شعبے کے لئے ایک حقیقت پر مبنی پیکج کا اعلان کیاگیا ہے جس کا مقصد اشد ضروری روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور معاشی سرگرمیاں تیز کرنے سمیت غریب عوام کے لئے سستے گھروں کی تعداد میں اضافہ کرنا ہے۔ مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے اجلاس کو خزانہ اور معیشت کے بارے میں تھنک ٹینک کے اغراض ومقاصد کے بارے میں بریفنگ دی۔اس کے علاوہ اسلام آباد میں وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی۔ اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نظم و نسق میں بہتری کیلئے صوبائی حکومت سے مکمل تعاون کرے گی۔انہوں نے عوام کی فلاح و بہبود اور خدمات کی بہتری کیلئے پنجاب حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات کی تعریف کی۔ وزیر قانون نے وزیراعظم کو بلدیاتی حکومت کے نظام کے قانونی مسودہ سے آگاہ کیا اور کہا کہ نئے قانون سے حقیقی تبدیلی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔ چیئرمین راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے) طارق محمود مرتضیٰ نے وزیر اعظم عمران خان سے وزیر اعظم آفس میں ملاقات کی، انہوں نے وزیر اعظم کو آر ڈی اے کے میگا پروجیکٹس کے بارے میں آگاہ کیا جن میں رنگ روڈ پروجیکٹ، نالہ لئی ایکسپریس وے،کچن گارڈننگ، پولٹری ڈسٹریبیوشن اوررین واٹر ہاروسٹنگ کے ذخیرہ کے ذریعے غریب ترین لوگوں تک پہنچنا شامل ہے۔

عمران خان

مزید :

صفحہ اول -