وفاق نے جھوٹے وعدوں کے علاوہ کچھ نہیں دیا، جام اکرام دھاریجو

وفاق نے جھوٹے وعدوں کے علاوہ کچھ نہیں دیا، جام اکرام دھاریجو

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر برائے انسداد بدعنوانی، صنعت، تجارت و کوآپریٹو سوسائٹیز محکمہ جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا ہے کہ نااہل سلیکٹیڈ وزیراعظم اور ان کی سلیکٹیڈ وزراکی نااہلی کی وجہ سے آج ملکی معیشت کا برا حال ہے اور عوام ان کی ناقص پالیسیوں اور مہنگائی کی وجہ سے سخت مشکلات سے دوچار ہیں۔ ہمارے لیے یہ لمحہ فکریہ ہے کے بنگالی ٹکے کے بعد اب ایک جنگ زدہ افغانی کرنسی کا ریٹ بھی پاکستانی روپے کے مقابلے میں 2 روپے 17 پیسے کا ہوگیا ہے. یہ بات انہوں نے آج گھوٹکی ضلع کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے میڈیا کے نمائندوں اور عوام سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ صوبائی وزیر نے گھوٹکی تحصیل چیئرمین سید نادر علی شاہ جیلانی، کے بھائی کی وفات پر فاتحہ خوانی کرنے سمیت ولیج صاحب خان لنڈ تحصیل میرپور ماتھیلو پہنچ کر پیپلزپارٹی ضلعی صدر میر بابر خان لنڈ اور سردار فیاض خان لنڈ سے ان کے بھائی کے انتقال پر فاتحہ خوانی کی جبکہ ولیج مولوی قمرالدین رک پہنچ کر آفتاب رک سے بھی تعزیت کی۔ علاوہ ازیں صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو نے ضلعی کونسلر دادن خان مہر کے منعقد ظہرانہ میں شرکت کی۔ مختلف مقامات پر انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کے سندھ کے حقوق پر مسلسل ڈاکا ڈالا جا رہا ہے۔ گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ نے ملکی معیشت کا دیوالیہ کردیا ہے۔ انہوں نے مذید کہا کہ صنعتکار طبقہ سخت مشکلات سے دوچار ہے لیکن حکمرانوں کو پرواہ ہی نہیں۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے مزید کہا کہ چور دروازے سے آنے والوں نے عوام کو جھوٹے وعدوں اور باتوں کے سوا کچھ نہیں دیا اب عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکاہے سلیکٹیڈ حکمرانوں کو اب اپنی ناکامی قبول کرنے کے سوائے اور کوئی راستہ نہیں۔ صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور انسداد بدعنوانی و محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ حکومت سندھ اپنے وسائل کے اندر رہتے ہوئے صوبے میں صنعتی ترقی کے لئے موثر اقدامات کررہی ہے جس سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

مزید :

صفحہ آخر -